راولپنڈی(صباح نیوز)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت دونوں کو دھوکہ دے رہا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دور میں مسئلہ کشمیر حل ہوگا،ایک گروپ عمران خان کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان سے ہماری اپیل ہے کہ ملکی حالت بہتر نہیں، آصف علی زرداری سے سیاسی اختلافات ہیں ذاتی دشمنی نہیں ۔ ہولی فیملی ہسپتا ل راولپنڈی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے غلط کام کیا وہ بھارت اور دنیا کو گمراہ کرنے جارہاہے، ٹرمپ پاکستان اور بھارت دونوں کو دھوکہ دے رہا ہے، جس نے کشمیریوں کے ساتھ دھوکہ کیا وہ مودی کا یار ہوگا۔ تھر اور سمجھوتہ ایکسپریس بند کر دی، کسی میں جرات ہو تو چلا کر دکھائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جنگ شروع ہوچکی ہے، عمران خان کی جدو جہد تاریخ کا حصہ ہے، 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں تاریخی خطاب کریںگے۔