اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین ایف بی آر سید شبر حسین زیدی کی منظوری سے کوئٹہ کراچی سکھر حیدرآباد ملتان میں نئے چیف کمشنروں کو تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن نمبر2248۔ آئی آر۔2019/1 گزشتہ روز جاری کیا گیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق سکھر اور کراچی کے چیف کمشنروں ڈاکٹر غلام مصطفیٰ راہو اور ڈاکٹر محمدعلی خان کو تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں ایف بی آر اسلام آباد میں ممبر کا عہدہ دیا گیا ہے۔ کراچی کے کمشنر ان لینڈ ریونیو کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کے یوسف حیدر شیخ کو اعلیٰ کورس مکمل کرنے کے بعد کوئٹہ ریجنل ٹیکس آفس کا نیا چیف کمشنر ان لینڈ ریونیوبنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یوسف حیدر شیخ کمشنر آئی آر کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کراچی مقرر ہونے سے پہلے سالہاسال ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں چیف کے عہدے پر فائز رہے۔ ادھر کوئٹہ کے چیف کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس صاحبزادہ عبدالمتین کو کمشنر آئی آر زون۔I ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے چیف کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس شاہد اقبال بلوچ کو کراچی کے لارج ٹیکس پیئرز یونٹ۔II کا نیا چیف کمشنر آئی آر تعینات کیا گیا ہے۔ توقیر احمد میمن کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس حیدر آباد کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس سکھر بنا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر لبنیٰ ایوب بنیادی سکیل نمبر21 ڈائریکٹر قانون کراچی ایف بی آر کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد مقرر کیا گیا ہے۔نذیر احمد شورو ممبر ایف بی آر اسلام آباد کو چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ملتان مقرر کیا گیا ہے۔ مذکورہ آٹھوں بنیادی سکیل 20 اور 21 کے افسران کو اس نوٹیفکیشن کے اجراء سے پہلے اگر اپنی بنیادی تنخواہ کے سو فیصد کے مساوی پرفارمنس الائونس مل رہا تھا تو انہیں موجودہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد بھی یہ پرفارمنس الائونس ملتا رہے گا۔