امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مقبوضہ کشمیر پر تقریروں اور بیانات سے بڑھ کر عملی اقدام کا مطالبہ کردیا۔
ایک ویڈیو پیغام میں سراج الحق نے کہا کہ حکومت مقبوضہ کشمیر پر عملی اقدام کرے گی تو دنیا ساتھ دے گی، اگر آپ لفظی بیان بازی اور تقریریں کریں گےتو دنیا بھی تماشہ ہی کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام جاری ہے، کرفیو کو 26 دن ہوگئے ہیں، سب کہتے اور دنیا بھی باخبر ہے کہ وہاں دوا، خوراک ختم ہوگئی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زندگی رک گئی ہے، وہاں ہر روز نیا حادثہ اور سانحہ رونما ہورہا ہے، جسے دنیا دیکھ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی موجود ہ صورتحال میں حکومتی سطح پر جو بھی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں جماعت اسلامی ان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکومت عملی اقدام کرے، کشمیری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں، آج بھی جو یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہم نے اسے مکمل سپورٹ کیا۔