• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہ جو غالب ؔنے کہا تھا کہ

قطرہ میں دجلہ دکھائی نہ دے اور جزو میں کل

کھیل لڑکوں کا ہوا دیدۂ بینا نہ ہوا

’’دیدۂ بینا‘‘ جس کو عطا ہو جائے اس کیلئے دشواریاں ہی دشواریاں پیدا ہو جاتی ہیں، زندگی کے ہر موڑ پر دیدۂ بینا جراحتوں کے سامان فراہم کرتا رہتا ہے۔ اصل معاملہ یہ ہے کہ زیست کی تہہ درتہہ معنویت کی تلاش بہت مہنگا سودا ثابت ہوتی ہے۔ ہر عہد میں وہ لوگ جن کو یہ نعمت عطا ہوتی ہے صلیب و دار کی منزلوں سے گزرتے رہتے ہیں ان کے پیرایۂ اظہار میں وہ تیکھا پن ہوتا ہے کہ اسے ملمع سازوں، دنیا پرستوں اور جاہ پرستوں کی ظاہر داری برداشت ہی نہیں ہو سکتی۔ فیض احمد فیض کے بعد نظم اور غزل میں اس ’’دیدۂ بینا‘‘ کی نمائندگی پوری ذمہ داری کے ساتھ اگر کسی شاعر نے کی ہے تو وہ بلاشبہ احمد فراز ہی ہے۔ فرازؔ ہمارے عہد کا وہ ماہتاب تھا جس پر اجل کے کالے بادل آجانے کی وجہ سے جہان غزل ایک دم تاریک ہو گیا ہے۔ پورے 65سالہ عہد پر اس کی بھرپور گرفت رہی۔ میں نے کہیں پڑھا ہے کہ مخدوم محی الدین نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شاعر کو غزل غم کے کم سے کم چالیس سال پورے کرکے شروع کرنا چاہئے۔ مخدوم نے اشاروں میں صنف غزل کیلئے بہت اہم کہہ دی اس میں وہ شاعر کی مشاقی فن اور زیست کے تجربوں کی کشادگی پر اصرار کرتا ہے۔ غزل خیال بھی ہے اور آتش کے لفظوں میں مرقع سازی کا کمال بھی اور یہ کمال فراز نے 18سال کی عمر میں کر دکھایا اور مقبولیت کے جس گراف تک اس کا نام روشن رہا وہ اس کے عہد میں بہتوں کو نصیب نہ ہوا۔ اس پر ہمعصروں نے طرح طرح کے طنز کئے لیکن اسے فیض کی طرح ہمیشہ ثابت قدمی سے اپنی ڈگر پر چلتے رہنے کا جنون رہا۔

اقبال اور فیض کے بعد اور بھی کئی نام ہیں لیکن فراز کو جو عزت، دولت، شہرت، عظمت اور مقبولیت ملی اس کی دوسری مثال نہیں۔ وہ صرف عام آدمی کے دکھ درد کا غزل کار نہ تھا بلکہ خواص میں بھی جی بھر کر پڑھا جاتا تھا۔

آج جب نازش بزم سخن و ساز جاناں کی یادوں کو سمیٹنے اور کاغذ پر منتقل کرنے بیٹھا ہوں تو اس کی خوش گفتار، خوش لباس اور خوش مذاق شخصیت میرے سامنے آکھڑی ہوئی ہے اس سے کئی کئی برس گزر جاتے تھے اور ملاقات نہیں ہوتی تھی مگر جب وہ ملتا تھا تو بہت ٹوٹ کر ملتا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ انسان کو دوسرے انسان کے ساتھ اچھا ہونا چاہئے اس لئے نہیں کہ خدا یا مذہب نے ایسا کہا ہے بلکہ اس لئے کہ دونوں انسان ہیں اس نے ایک بار ایمسٹرڈیم میں بحث کے دوران مجھے کہا، مصنف کا کام دنیا بدلنا نہیں، سمجھنا ہے، ادب انقلاب برپا نہیں کرتا وہ انسانی فکر کو بدلتا ہے اور انہیں انقلاب کے تئیں بیدار کرتا ہے اس لئے ادب جانبدار بھی ہے۔ میرے حساب سے شاعری اگر فنکار کی ذات کا علانیہ بیانیہ ہے تو اس ذات کا کمٹمنٹ ہر لحاظ سے زندگی سے ہوتا ہے۔ زندگی کے ذریعہ اس کے احاطہ میں پوری دنیا سمٹ آتی ہے لہٰذا شاعر اگر خود کو لکھتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی ذات کے وسیلے سے دنیا کو لکھ رہا ہے اور دنیا اتنا بڑا موضوع ہے کہ اس کی انتہا نہ معلوم اور اگر کچھ معلوم ہے تو بس اتنا کہ اسے دیکھتے دیکھتے سانسوں کی طناب ٹوٹ جاتی ہے۔

فراز کا عہد شاعری مسلسل شکست و ریخت سے دوچار رہا ہے۔ مملکت خداداد میں انسانیت ایک طرف پامال ہورہی ہے تو دوسری جانب فرد سارے معاشرے میں تنہا ہوتا چلا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ فرازؔ کی غزلوں میں حسن و جمال اور غم جاناں کے علاوہ زلف اور لب و رخسار کے ذکر کے بجائے انسانی رشتوں کی ناپائیداری، اپنوں کی بیگانگی، اخلاص و محبت کی نایابی، جمہور کی حق تلفی، کینہ و حسد کی فراوانی، بغض و عداوت کی ارزانی کے حقائق زیادہ پیش ہوئے ہیں۔ اس طرح اس کی شاعری اس کے دور کی آواز بن گئی ہے۔ اس کے کلام میں موسیقیت اور نغمگی بھی بھرپور رہی ہے اسکے ڈکشن میں یہ بات بھی خاص طور پر محسوس کی جاتی ہے کہ اس کی غزلوں میں ثقیل اور گرانبار الفاظ کہیں نہیں ملتے حالانکہ اسے فارسی ادب پر مکمل دسترس تھی۔ اسے اپنے اظہار خیال اور انداز بیان پر مکمل قدرت حاصل تھی۔ اس کے موضوعات میں دنیا کو پُر امن دیکھنے اور اس پر انتشار عہد میں گمشدہ انسان کو دریافت کرنے کا ایک واضح تصور بھی تھا۔

ہم سب کو الوداع کہنے سے دو ایک ماہ قبل میری اس سے دہلی میں ملاقات ہوئی اس کے بعد جتنے دن وہ دہلی میں رہا ہم ہر روز ملتے رہے خصوصاً رات کا ملنا تو بے حد ضروری ٹھہرا۔ ایسی شامیں شاید میری زندگی میں پھر نہ آسکیں۔ میں نے دیکھا وہ سب سے دوستیاں پالتا تھا حالانکہ ان میں اور اس پر مرنے کے بعد کالم لکھنے والوں میں ایسے بھی ہیں جن میں نفاق کی وہ تمام علامتیں پائی جاتی ہیں جو الہامی کتابوں میں بتائی گئی ہیں۔ چڑھتے سورج کے پجاری، موقع پرستوں اور منافقوں سے بھی اس کے تعلقات رہے لیکن ان کے پسینے کے چھینٹے اپنے بے داغ لباس پر نہ پڑنے دیئے۔ ہنوز زندگی کی سب سے بڑی حقیقت موت ہے۔ غالبؔ نے موت کو ابن آدم کی میراث کہا ہے فراز کو بھی یہ میراث حاصل ہوئی لیکن نظریے اور عقیدے اس بات پر مصر ہیں کہ انہیں صرف مانا جائے جبکہ ادب کا مطالعہ کرنے کے لئے اسے جاننا، سمجھنا اور محسوس کرنا بنیادی تقاضے ہیں۔ منزل ادب سلیقے کی منزل ہے ہم نے جو دیکھا ہوگا اور محسوس کیا اسے کتنی کامیابی کے ساتھ دنیا تک پہنچایا ہے؟ فراز نے یہی فعل کر دکھایا ہے وہ زندہ تھا تو بھی زندہ تھا کومے میں تھا جب بھی زندہ تھا اور اب وہ ہماری نظروں سے اوجھل ہے تو بھی زندہ ہے۔ فراز کی شاعری اور زندگی لازم و ملزوم ہے اس کا ادب انسان کو زندگی کی حقیقتوں سے روشناس کراتا ہے۔ شاعری و ادب زندگی کا آئینہ ہے اگر زندگی کی تمام تر اچھائیوں، برائیوں، تہذیبی و معاشرتی و سیاسی کشا کش اور ہم آہنگی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے تو اسے صرف ادب و شاعری کے ذریعے ہی دیکھا جا سکتا ہے سو یہی فراز کی شاعری نے کیا۔ آج دل سے ایک ہی آواز آ رہی ہے کہ وہ ایک مثالی شخص اور زمانہ ساز شاعر تھا وہ نہ صرف یاد آتا رہے گا بلکہ فیض کے ساتھ رہ رہ کر یہ کہنے پر مجبور کرتا رہے گا۔

’’جنہیں جرمِ عشق پہ ناز تھا وہ گنہگار چلے گئے‘‘

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین