جدہ میں تین بچوں نے یوم آزادیٔ پاکستان اور کشمیر سے یکجہتی کا دن سمندر کی اتہاہ گہرائیوں میں منایا۔ گیارہ سالہ یاسین یحییٰ، آٹھ سالہ باسل عمر حیات اور تیرہ سالہ وریحہ یحییٰ، تین ایسے پاکستان کے روشن ستارے ہیں جنہوں نے دیارِ غیر میں رہتے ہوئے پاکستان سے محبت اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کااظہار ڈائیونگ کے ذریعے کیا۔وریحہ اور یاسین بین الاقوامی سطح پر اوپن واٹر ڈائیونگ لائسینس حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بچے ہیں۔ ان بچوں نے 80 فٹ سمندر کی گہرائی میں جا کر چودہ اگست انتہائی جوش و خروش اور منفرد انداز سے منایا۔ انہوں نےنا صرف اپنے شوق کی تسکین کی بلکہ اپنے پیارے وطن پاکستان کا نام بھی اعلیٰ سطح پر روشن کرنے کے ساتھ کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ تینوں بچوں نے سمندر کی گہرائیوں میں پاکستان کا پرچم لہرایا اور کیک بھی کاٹا۔اس کے ساتھ فلسطینی محمد شمشیر نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے کشمیر کے حالیہ واقعات کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بینر لہرا کر بھی کیا۔