دنیا بھر کی طرح اسپین کے مختلف شہروں ، سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں جشن آزادی پاکستان کے پروگرامز ترتیب دیئے گئے ،جہاں سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی اور وطن سے محبت کا بھر پور ثبوت دیا ۔اس سال جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کو یوم یکجہتی کشمیر کے نام سے منسوب کیا گیا تھا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم کشمیریوں کو بتانا تھا کہ ہم ہر طرح آپ کے ساتھ ہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ہم کشمیریوں کے ساتھ رہیں گے ان کے دکھ سکھ کو بانٹیں گے اور ان کی سفارتی ، مالی اور اخلاقی امداد بھی جاری رکھیں گے، اس سال پاکستانی افواج کی جانب سے بھی مسئلہ کشمیر پر کھلم کھلا چیلنج کیا گیا تھا ،مانا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں لیکن اگر انڈین آرمی اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آئی تو اُسے منہ کی کھانی پڑے گی ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مل کر قونصل خانوں اور سفارت خانوں میں تصویری نمائشوں کا اہتمام بھی کیا جہاں انڈین آرمی کی بربریت کو تصاویر کے ذریعے عیاں کیا گیا تھا ۔
جشن آزادی پاکستان کی پہلی تقریب صبح دس بجے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میں منعقد ہوئی ،جہاں بچوں ، خواتین اور مرد حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا ۔ تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب میں نعت رسول مقبول ﷺ بھی پڑھی گئی، جس کے بعد پاکستان کے قومی ترانے کی گونج میں سفیر پاکستان خیام اکبر نے سبز ہلالی پرچم فضاء میں بلند کیا ۔سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میں ہونے والی تقریب کے اسٹیج سیکرٹری ہیڈ آف چانسلری دانش محمود تھے ، تقریب میں وزیر اعظم اور صدر پاکستان کے جشن آزادی اور یوم یکجہتی کے متعلق بھیجے گئے پیغامات سفیر پاکستان خیام اکبر اور فرسٹ سیکرٹری عمیر خالد نے پڑھ کر سنائے ۔ اس موقعے پر پاکستانی بچوں نے ملی نغمے پڑھے اور پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم پائندہ باد کے نعروں سے فضاء گونجتی رہی ۔سفیر پاکستان اور دوسرے آفیسرز کی بیگمات نے پاکستانی بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور انہیں پاکستان سے محبت کی افادیت کے متعلق تفصیل سے بتایا اور کہا کہ پاکستان کا کل ہمارے یہی بچے ہیں ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنے بچوں کو پاکستان اور ان کے معماروں کے بارے میں تفصیل سے بتایا کریں تاکہ ہمارے بچے اپنے ملک کے کلچر اور تاریخ کے ساتھ جڑے رہیں ۔
جشن آزادی پاکستان اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے دوسری تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کی عمارت میں منعقد ہوئی جہاں قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے فضاء میں بلند کیا ۔جشن آزدی کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا ۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض احمد علی نے ادا کئے جبکہ وزیر اعظم اور صدر پاکستان کے پیغامات جو انہوں نے جشن آزدی اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بھیجے تھے قونصل جنرل نے پڑھ کر سنائے ، پاکستانی بچوں نے ملی نغمات پیش کئے جبکہ معروف گلوکار قدیر احمد خاں اور سعید حیدری نے ملی ترانے سنا کر خوب داد سمیٹی ۔انہوں نے جیو ے جیوے پاکستان اور اے وطن پیارے وطن پاک وطن سنا کر ماحول میں ایک نئی جدت پھونک دی تھی ۔قونصل جنرل بارسلونا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں وہ اپنے اخلاق اور کردار سے مقامی کمیونٹی کو اپنے قریب کر سکتے ہیں ان کی جھجھک اور ڈر ختم کر سکتے ہیں اور یہاں ان ممالک میں اپنا اور اپنے اہل خانہ کا مستقبل تابناک بنا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم جہاں بھی رہیں ہمیں اپنے ملک سے محبت کو قائم رکھنا ہوتا ہے کیونکہ پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہمارا وقار اپنے وطن سے جڑا ہوا ہے ۔
اس موقع پر خواتین کی خاصی تعداد بھی شریک تھی جبکہ دوسرے مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے ملک سے محبت کی افادیت پر زور دیا ، تیسری تقریب بارسلونا میں پاک فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام ہوئی جو ،’’ چٹا پلاسہ ‘‘ میں منعقد ہوئی ،اس تقریب میں خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، بچوں نے پاکستان سے محبت کے ٹیبلو پیش کئے اور قومی ترانے سنائے جبکہ خواتین نے اپنی تقاریر میں کہا کہ ہم پاکستان کی بیٹیاں ہیں اور اپنے وطن عزیز کا نام دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے ہمہ تب گوش ہیں ہمارے وطن کو جب بھی ہماری ضرورت پڑی ہم اپنا سب کچھ اپنے وطن عزیز کے نام پر نچھاور کرنے کی ہمت رکھتی ہیں ۔ اس موقعے پر چوہدری ثاقب طاہر ، عدیل طاہر ، انوار الحق اور دوسرے مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے ہمیں اخلاق سے مقامی کمیونٹی کو بتانا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پرامن ہیں اور اسپین کو اپنا دوسرا ملک سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کشمیر تک اپنی تمام وابستگیاں کشمیری بھائیوں کے ساتھ قائم رکھنی ہیں ۔
بارسلونا کے تین چمنیوں والا پلاسہ میں جشن آزادی کی چوتھی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام کاتالان ایسوسی ایشن ، پیس فار پیس اور آل پاکستانیز فیملی ایسوسی ایشن نے کیا تھا ، تقریب سے ڈاکٹر عرفان مجید راجہ ، پہلے پاکستانی کونسلر طاہر رفیع ، علی رشید بٹ ، تجمل رشید بٹ ، شہباز کھٹانہ ، قونصل جنرل عمران علی چوہدری اور دوسرے مقررین نے خطاب کیا ، بچوں نے قومی نغمے سنائے ، اس تقریب میں بھی پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ، تقریب انتظامیہ نے مقامی ہسپتال کے ساتھ مل کر ایک کیمپ بھی لگایا تھا جہاں ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ مفت کیا جا رہا تھا ، تقریب کے اختتام پر امن کی شمعیں بھی روشن کی گئیں ، شمعیں روشن کرنے والوں میں رشید بٹ ، چوہدری نوید وڑائچ ، راجہ شعیب ستی ، طارق رفیق بھٹی ، اظہر عباس ، مہران تارڑ ، مہر فرحان اور دوسرے احباب شامل تھے ، دوران تقریب پاکستانی نوجوان پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے فضاوں میں بلند کرتے رہے ۔