• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے مذاکرات کی کوئی عجلت نہیں، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود نے عمر کوٹ میں خطاب کیا 


وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کی کوئی عجلت نہیں، نریندر مودی کان کھول کر سن لیں، جیسے عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

عمر کوٹ میں تحریکِ انصاف کے جلسے سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یزید کے سامنے ہاتھ پھیلانا حسینیت کے فلسفے کی نفی ہو گی، ہندوستان کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو مسئلہ کشمیر یورپین پارلیمنٹ میں زیرِ بحث آئے گا، 3 ستمبر کو لندن میں ایک جم غفیر ہو گا، بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر فرنٹ فٹ پر نہیں اب بیک فٹ پر کھیلیں گے، یہ پچ عمران خان کی ہے۔

وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو دنیا دیکھے گی کہ اقوام متحدہ میں ہمارا وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان اور کشمیریوں کا مشترکہ مقدمہ لڑے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر کی بات اقوام متحدہ تک نہیں رہی، یہ اس سے آگے نکل گئی ہے، پاکستانی قوم کو سر اٹھا کر جینے کا درس دینے والے میدان میں ہیں، نریندر مودی سن لو یہ قوم تمہارے ارادے خاک میں ملا دے گی۔

 ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیشنل میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو قدم رکھنے کی اجازت نہیں، اب نریندر مودی کرتار پور راہدری میں رکاوٹیں ڈالیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں بند کرنے والے دیکھیں، پاکستان میں مندر آباد ہیں، ہم انٹرنیشنل تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں، آؤ دیکھو کہ آزاد کشمیر آزاد ہے، کیا نریندر مودی یہی دعوت سری نگر کے لیے دیں گے؟

انہوں مزید  کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 27 واں روز ہے، بھارت پر آر ایس ایس کی سوچ غالب آگئی، وہ دعویٰ جمہوریت کا کرتے ہیں اور ان کا عمل فسطائیت پر مبنی ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ میں اقلیتی برادری کو پیغام دینے آیا ہوں کہ تمہاری چادر اور چار دیواری کا تحفظ کریں گے۔

تازہ ترین