• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کا جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت کا اعلان


قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کردی، جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں کہ آج کا مارچ کسی جماعت کا نہیں بلکہ کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ میں لاہور میں ہوں،اگر کراچی ہوتا تو ضرور کشمیریوں سے یکجہتی کےلیے مارچ میں شریک ہوتا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے اہل کراچی سے اپیل کی جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے مارچ میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔

شارع فیصل نرسری کے مقام پر جماعت اسلامی کی جانب سے آزادی کشمیر مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے، جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔

مارچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم بھی شارع فیصل پر موجود تھے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر مارچ کے ذریعے عوام کی آواز کو اجاگر کر کے کشمیر کو آزادی دلوانا ہے۔

سرفراز کا جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت کا اعلان
تصویر: سہیل رفیق

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پوری دنیا میں سناٹا ہے اور اقوام عالم خاموش ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آج کے مارچ میں شرکت کرکے کشمیریوں سے اپنے ساتھ دینے کا اعادہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں خواتین اور بچے بھی شامل ہوں گے جبکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکار بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ آج کے مارچ سے کرکٹر جاوید میانداد اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے، جبکہ کرکٹر سرفراز احمد نے بھی عوام سے مارچ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین