• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا 14 ستمبر سے آغاز، کوئٹہ کا میدان بھی آباد ہوگا

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) حالیہ سالوں میں دہشت گردی کی لپیٹ میں رہنے والے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم کو گیارہ سال بعد فرسٹ کلاس میچوں کی میزبانی دی گئی ہے۔ حیران کن طور پر مستقل ٹیسٹ سینٹر ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کو کے پی کے کی ٹیم کے ایک بھی میچ کی میزبانی نہیں دی گئی ہے۔ کوئٹہ 4 فرسٹ کلاس اور میرپور 4 سیکنڈ الیون میچز کی میزبانی کرے گا۔ پی سی بی نے پیر کو قائد اعظم ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کے میچ چھ شہروں میں ہوں گے۔ ملک کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کے 31میچ 9سینٹرز پر ہوں گے۔ ٹورنامنٹ14 ستمبر سے 9 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہر ٹیم دس دس میچ کھیلے گی۔ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کا کردار مستقل ختم کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی 20-2019 کا شیڈول ترتیب دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں گراؤنڈز کی دستیابی اور موسمی صورتحال کو مدنظر رکھا ہے۔ بلوچستان کرکٹ ٹیم اپنے شہر کوئٹہ میں چار ہوم میچ کھیلے گی۔ نیشنل اسٹیڈ یم کراچی سندھ کے چار ہوم میچوں کے علاوہ فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔ فائنل9سے13 دسمبر تک ہوگا۔ بلوچستان کرکٹ ٹیم بگٹی اسٹیڈیم میں اپنا پہلا میچ سدرن پنجاب کے خلاف 21سے 24ستمبر تک کھیلے گی۔ اسٹیڈیم میں دوسرا میچ سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چار روزہ میچ کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا۔ بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن 28 سے 31اکتوبر تک خیبر پختونخواہ جبکہ 4 سے 7 نومبر تک سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں واحد ایک روزہ انٹر نیشنل میچ 1996 میں کھیلا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں آخری فرسٹ کلاس کرکٹ میچ اکتوبر 2008میں میزبان بلوچستان اور سرحد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ بگٹی اسٹیڈیم اب تک 25فرسٹ کلاس میچوں کی میزبانی کر چکا ہے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں 6 میچ،یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں 5،قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 ،اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں 3 ،کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں 3 ،3جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں ایک اور اسٹیٹ بینک کراچی میں ایک میچ کی میزبانی کرے گا۔ قائداعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں سندھ اور بلوچستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان مقابلہ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ہوگا۔ سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور جبکہ خیبر پختون خواہ اور ناردرن کرکٹ ٹیمیں ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ دو حصوں میں تقسیم قائداعظم ٹرافی کا پہلا حصہ 8 اکتوبر تک جاری رہے گا جو 4 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے حصے کے اختتام پر قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔ یہ شیڈول آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں سلیکٹرز کے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر کوئٹہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میچز کا انعقاد پی سی بی کی پالیسی کا حصہ ہے۔ امید ہے کہ قومی کرکٹرز کے ہمراہ میدان میں اترنے سے مقامی کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا۔ 11 سال بعد کوئٹہ میں فرسٹ کلاس میچز کا انعقاد خطے میں کھیل کے فروغ کا باعث بنے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بگٹی اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سرگرمیاں بڑھانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ ہارون رشید نے کہا کہ کوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ میچز کے دوبارہ آغاز سے خطے میں کھیل کے فروغ کے ساتھ ساتھ کاروباری افراد کی توجہ حاصل کی جاسکے گی۔ کمرشل سرگرمیوں سے خطے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

تازہ ترین