واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکا میں سمندری طوفان ڈورین نے بہاماس میں تباہی مچادی، طوفان ڈورین، پانچویں درجے کا خطرناک سمندری طوفان ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کے ٹکرانے سے بہاماس کے متعدد جزیروں کو انتہائی نقصان پہنچا ہے، طوفان نے ایلبوئے کے، مینو وار اور مارش کی بندرگاہوں کے قریبی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ اور بلڈنگز جزوی طور پر سیلابی پانی میں زیرِ آب آگئی ہیں۔ حکام نے شہریوں کو گھروں اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال ہے، طوفان سیلاب کی صورت اختیار کررہا ہے جب کہ طوفانی ہوائیں مزید شدت اختیار کریں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ہواؤں کی رفتار 200 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ طوفان کے باعث لہروں کے 18 سے 23 فٹ تک بلند ہونے کے امکانات ہیں جو مزید تباہی کا سبب بن سکتی ہیں۔