• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اداکار، میزبان و گلوکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کردیا۔

ذرائع کے مطابق اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے لاہور فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے درخواست میں ایک مرتبہ پھر اپنے شوہر پر تشدد اور بے وفائی کا الزام عائد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن عباس نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ، لہذا اس کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتی۔

اس کے علاوہ محسن کے دوسری لڑکی کے ساتھ تعلقات ہیں۔ فاطمہ سہیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت خلع کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ڈگری جاری کرے۔

واضح رہے کہ فاطمہ سہیل نے دو ماہ قبل اپنے شوہر محسن عباس حیدر پر الزام عائد کیا تھا کہ حاملہ ہونے کے باوجود محسن نے انہیں بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا اور پیسوں کی ہیر پھیربھی کی۔ اس کے علاوہ فاطمہ نے اپنے شوہر محسن پر ماڈل نازش جہانگیر کے ساتھ ناجائز تعلقات کا بھی الزام لگایا تھا۔

فاطمہ نے اپنے شوہر پر تشدد اور دھمکیوں کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔

محسن عباس اور فاطمہ سہیل کا کیس لاہور کی عدالت میں ہے جہاں گزشتہ پیشی کے دوران پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں اداکار محسن عباس کو اہلیہ پر پستول تاننے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔

تازہ ترین