• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے دھکیلتے ہوئے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔

پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل نہیں جبکہ بولرز میں محمد عباس دسویں نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔

ویرات کوہلی نے کنگسٹن ٹیسٹ میں 76 اور صفر رنز بنائے، جو ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہنے کے لیے ناکافی تھے، وہ اگست 2018ء سے پہلی پوزیشن پر براجمان تھے، جب انہوں نے انگلینڈ کےدورے کے دوران کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچوں میں 593رنز بناکر انگلش آل راؤنڈر سیم کرن کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار پائے تھے۔

سابق آسٹریلوی کپتان کے پاس اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کا شاندار موقع ہے کیونکہ ایشز سیریز کے ابھی 2 میچ باقی ہیں، اسمتھ اس وقت کیریئر کے بہترین 947 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں، جو سر ڈان بریڈ مین کے961 پوائنٹس کے بعد اب تک کسی بھی بیٹسمین کے سب سے بہترین ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

بیٹسمینوں کی رینکنگ میں اسٹیو اسمتھ پہلے، ویرات کوہلی دوسرے، کین ولیم سن تیسرے، چتیشور پجارا چوتھے، ہنری نکولز پانچویں، جوئے روٹ چھٹے، اجنکیا رہانے ساتوں، ٹام لیتھم آٹھویں، کرونا رتنے نویں اور ایڈن مارکرم دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ کچھ اس طرح ہے، پیٹ کومنز پہلے، کاگیسو ربادا دوسرے، جسپریت بومرہ تیسرے، جیمس اینڈرسن چوتھے، جیسن ہولڈر پانچویں، ورنن فلینڈر چھٹے، ٹرینٹ بولٹ ساتویں، نیل ویگنر آٹھویں، کیمار روچ نویں اور محمد عباس دسویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈر میں جیسن ہولڈر پہلے، بین اسٹوکس دوسرے، شکیب الحسن تیسرے، رویندر جدیجا چوتھے اور ورنن فلینڈر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین