• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ساحل پر اسپتال کا فضلہ،وسیم اکرم کی اہلیہ کا سی ویو بند کرنے کا مطالبہ

ساحل پر اسپتال کا فضلہ،وسیم اکرم کی اہلیہ کا سی ویو بند کرنے کا مطالبہ


کراچی (جنگ نیوز /اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سمندر سی ویو کو عوام کے لیے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سی ویو پر بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں اور اسپتال کا فضلہ بکھرا پڑا ہے۔ اس انکشاف کے بعد انتظامیہ نے ساحل سمند پر پائی گئی استعمال شدہ سرنجیں اور لیبارٹری کا فضلہ قبضے میں لیکر صفائی کروا د ی گئی، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر ساوتھ کراچی سید صلاح الدین احمد نے پولیس افسران کے ہمراہ منگل کو کلفٹن ساحل سمندر کا دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ کسی لیبارٹری کا فضلہ لگتا ہے جو کہ سمندر میں بہہ کر ساحل پر آیا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ یہاں اتنے بڑے پیمانے پر منشیات کا استعمال ہو رہا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سول لائن کو مزید انکوائری کی ہدایت کی اور موقع پر موجود پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ کلفٹن ساحل سمندر پرگشت کو بڑھایا جائے اور اگر منشیات کا استعمال کرتا کوئی دکھائی دے تو اسکو فوری گرفتار کیا جائے۔قبل ازیں پوسٹ شیئر کرکے شنیرا اکرم نے سب کو آگاہ کیا کہ ساحل کلفٹن پر یہ فضلہ خطرناک حدیں پار کرچکا ہے لہٰذا اسے فوری طور پر بند کردیا جائے۔شنیرا اکرم نے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ سی ویو ساحل پر مت جائیں اسے صاف کرنے کی کوشش کریں، یہ انتہائی خطرناک فضلہ ہے اس علاقے پر پابندی عائد کی جائے اور اسے انتظامیہ سے صاف کرایا جائے۔شنیرا اکرم نے مزید لکھا کہ ضرورت ہے کہ فوری طور پر سب کو بتادیا جائے کہ ساحل سمندر غیر محفوظ ہے۔شنیرا اکرم نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے اسپتال میں جن چیزوں سے خوف آتا ہے وہ سب ہمارے ساحل سمندر پر دھوئی جاتی ہیں، اسے روکنا ہوگا۔

تازہ ترین