کوئٹہ (نمائندہ جنگ) مغربی بائی پاس خیزی چوک کے قریب نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کےکوچ اڈے میں مشکوک کارٹن میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں چھیپا کا رضاکار شہید جبکہ دو ایس ایچ اوز ٗ بی ڈی ٹیم کے کمانڈر ٗ دو صحافیوں ایک بچےسمیت 14افراد زخمی ہو گئے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، دھماکے کے بعد پولیس ، میڈیا ، بم ڈسپوزل ٹیم اور رضا کار پہنچے تو دوسرا دھماکا ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مغربی بائی پاس خیزی چوک کے قریب واقع نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کےکوچ اڈے میں جمعرات کی شام مسافر مغرب کی نماز ادا کر رہے تھے کہ ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو نمازی زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر ایس ایچ او خروٹ آباد نور الحسن ٗ ایس ایچ او ائیرپورٹ نیاز احمد دیگر عملے اور ایف سی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر بی ڈی ٹیم کو طلب کیا بی ڈی ٹیم کے کمانڈر فضل حسین ٗ اہلکار عارف علی اور ڈرائیور خوشدل خان اور میڈیا کی ٹیمیںاورایدھی و چھیپا کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے بی ڈی ٹیم جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہی تھی کہ اسی دوران ایک اور زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔ دھماکے کے باعث علاقے میں بھگڈر مچ گئی لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے۔