• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری خود پر سب سے بھاری ثابت ہوئے ہیں، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس معمولی نہیں کھربوں روپے کی کرپشن کا معاملہ ہے، یہ بجٹ کے بجٹ کھا گئے اور اب پلی بارگین کر کے انہیں چھوڑ دیا جائے گا، اگر اسی طرح پلی بارگین کر کے لوگوں کو چھوڑا جاتا رہا تو کبھی بھی کرپشن کی جڑوں تک نہیں پہنچ سکیں گے،جمہوریت کے کور میں جو کھیل کھیلا گیا اس سے لوگوں کو جمہوریت کو برا بھلا کہنے کا موقع ملتا ہے،ماورائے عدالت قتل پر اگر آپ پولیس میڈل دیں گے، ماورائے عدالت قتل کرنے والوں کی تاج پوشی کریں گے تو پھر یہ سلسلہ کیسے رکے گا، جب ہم ماورائے عدالت قتل کلچر کو بڑھاوا دیں گے تو معاشرہ اسی طرح کرمنلائز ہوتا رہے گا۔پروگرام میں سینئر تجزیہ کار بابر ستار، ارشاد بھٹی اور سلیم صافی اور شہزاد اقبال بھی شریک تھے۔میزبان کے پہلے سوال جعلی اکاؤنٹس کیس، 7ملزموں کی نیب سے 10.66ارب کی پلی بارگین ڈیل، آصف زرداری اور فریال تالپور کی آئندہ کی حکمت عملی کیا ہونی چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئےسلیم صافی نے کہا کہ آصف زرداری خود پر سب سے بھاری ثابت ہوئے ہیں، آصف زرداری کو سیاسی گرو سمجھا جاتا تھا لیکن انہوں نے بہت سیاسی خودکشیاں کیں، بابر ستار نے کہا کہ نیب قانون میں پلی بارگین بہت فالٹی سسٹم ہے، دنیا میں پلی بارگین ہوتی ہے لیکن صرف تھوڑی سی سزا کم کردی جاتی ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ ملزم کچھ پیسے واپس کرکے آرام سے گھر واپس چلا جائے، آصف زرداری نے اگر یہ کام کیے ہیں تو اچھی بات ہے کہ انہیں سزا ملے تاکہ لوگوں کو پتا چلے کہ ہم کن کو ووٹ دیتے ہیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پلی بارگین سے پہلے شہباز شریف کے داماد کے دست راست نوید اکرم ایک ارب کے اثاثے نیب کو دے چکے ہیں، سندھ میں پہلی ریکوری نوری آباد پاور پراجیکٹ کی سوا دو ارب تھی،ابھی ملزمان نے 10ارب 66کروڑ کی پلی بارگین سندھ او ر اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں خرد برد پر کی ہے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور حکومت کی نااہلیاں موجود ہیں مگر تقریری شہزادہ بلاول کدھر ہے ، شہزادے واپس آجاؤ، کراچی والے کرنٹ سے مر گئے، بارش رُک گئی۔

تازہ ترین