کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے محمد عرفان کو قومی ہاکی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے وہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے، جمعرات کو لاہور میں ہونے والے ٹرائلز کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی نے 20کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے یہ کھلاڑی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلیں گے۔تجربہ کار کھلاڑی حسیم خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے وہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہ کرسکے، قومی ٹیم جونیئر کے ساتھ 29،30،31مارچ کو سرگودھا، خوشاب اور لاہور میں میچز کھیلے گی جس کے بعد دو کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا جائے گا اور 18 رکنی ٹیم ملائیشا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔جمعرات کو ہونے والے ٹرائلز کو چیف سلیکٹر رشید جونیئر اور دیگر سلیکٹرز نے دیکھا، اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد کھوکھر، سکریٹری شہباز احمد بھی موجود تھے۔ سلیکٹرز نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت سے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی، منتخب کھلاڑیوں میں دو نئے کھلاڑی اعجاز احمد اور عبدالکریم خان کوشامل کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو انتخاب کیا گیا ہے ان میں عمران بٹ، مظہر عباس، سید کاشف شاہ، محمد عرفان( کپتان) محمد توثیق ارشد، راشد محمود، حماد شکیل بٹ،محمد عرفان جونیئر، علی شان، اعجاز احمد، کاشف جاوید، محمد علیم بلال، محمد رضوان جونیئر، فرید احمد، تصور عباس، محمد عمر بھٹہ،محمد ارسلان قادر،محمد رضوان سینئر، رضوان علی، اور عبدالکریم خان شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا ہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ ہمارے لئے تجرباتی دورہ ہے جس میں سیکھنے کا موقع ملے گا، کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کریں، چیف سلیکٹر رشید جونیئر نے کہا ہے ملک میں دستیاب اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ایونٹ میں نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے کا مقصد مستقبل کو بہتر بنانا ہے۔