• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالقادر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی



پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ، دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز اسپنر عبدالقادر کو میاں میر قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

دنیائے کرکٹ عظیم کرکٹر سے محروم ہو گئی، سابق لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔

عبدالقادر کی نمازِ جنازہ کے موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، قومی کرکٹ ٹیم کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔

اسپنر عبدالقادر کی نمازِ جنازہ بعد نماز عصر لاہور کے میاں میر دربار بارہ دری گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، بابر اعظم، کامران اکمل، توصیف احمد سمیت بڑی تعداد میں کرکٹرز، معروف شخصیات، رشتے داروں اور مداحوں نے عبدالقادر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کو میاں میر قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

گوگلی ماسٹر عبدالقادر 63 برس کی عمر میں گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث حرکتِ قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

عبدالقادر کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے کرکٹ کے حلقوں کے افراد، عزیز، رشتے داروں اور مداحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

لندن میں مقیم عبدالقادر کے بیٹے عمران قادر کے لاہور پہنچنے پر ان کی تدفین سہ پہر کے وقت رکھی گئی تھی۔

عبدالقادر کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

تازہ ترین