امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے استفسار کیا ہے کہ کشمیری ماؤں اور بہنوں کے لیے پہلا قدم کب اٹھے گا؟ اور پہلی گولی کب چلے گی؟
ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر و سابق ایم پی اے ڈاکٹر سید وسیم اختر کی یاد میں لاہور میں منعقدہ تعریتی ریفرنس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لیے آخری گولی اور آخری سانس تک لڑنے کی بات کرنا آسان ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں، وہ اللہ کے بعد پاکستان کی طرف دیکھتی ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ مظلوم کشمیریوں کے لیے پاکستان کا پہلا قدم کب اٹھے گا؟
سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر سید وسیم اخترایک فرد کا نہیں ایک نظریے،کردار اور جہد مسلسل کا نام تھا۔
تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ تین مرتبہ جماعت اسلامی کی جانب سےرکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونےوالے وسیم اختر نے اسلامی تعلیمات کا درس دینے کے ساتھ حقوق العباد کو احسن طریقے سے پورا کیا۔
تعزیتی ریفرنس سے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے بھی خطاب کیا۔