لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں سلنڈر پھٹنے سے ایک گھر کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر گھرانے کے سربراہ، ان کی اہلیہ اور بیٹاجاں بحق ہو گئے۔
واقعے میں 3 ماہ کے بچے سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں عارف صدیقی نامی شہری کے گھر سلنڈر کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا۔
عارف صدیقی کے بیٹوں کے مطابق ان کے والد کو سانس کی تکلیف تھی، جن کے لیے گھر میں آکسیجن کا سلنڈر رکھنا پڑتا تھا، 20 سالہ بھائی ابوبکر والد کے کمرے میں آکسیجن والے سلنڈر کی فٹنگ کر رہا تھا کہ شعلہ بھڑکا، جس کے ساتھ ہی زور دار دھماکا ہو گیا، جس سے مکان کا عقبی حصہ زمین بوس ہوگیا، ملبے تلے دب کر ان کے والد، والدہ اور بھائی جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے ملبے تلے دبی لاشیں نکال کر مردہ خانے بھجوا دیں جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہناہے کہ وہ مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں، پولیس، سی ٹی ڈی اور سول ڈیفنس کی ٹیموں نے شواہد جمع کر لیے ہیں۔
افسوس ناک واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگ طاری ہو گیا۔