• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پولیس: تھانوں میں تشدد پر ایس ایچ او بلیک لسٹ قرار دیا جائے گا

آئی جی پنجاب عارف نواز کی زیر صدارت پولیس تھانوں میں ملزمان کے تشدد اور ہلاکت کے معاملے پر سینٹرل پولیس آفس لاہور میں ویڈیو لنک کانفرنس ہوئی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ زیر حراست ملزم کی ہلاکت پر ایس ایچ او کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا جبکہ اسے آ ئندہ کسی تھانےمیں تعینات بھی نہیں کیا جائے گا۔

عارف نواز نے زیر حراست ملزم پر تشدد یاہلاکت پر ایس ایچ او اور متعلقہ ڈی پی او کے خلاف مقدمہ درج کرنےکاحکم دیا ہے۔

پولیس کا عامر مسیح پر تشدد 


آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیرقانونی طور پر اگر کوئی شخص حراست میں نظر آیا تو ذمہ دار اہلکاروں کو اسی تھانےکی حوالات میں بند کیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان عامر مسیح پر تشدد کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آ ئی ہے۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کاروں نے اسپتال کے سامنے بھی اس پر تشدد کیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس 2 پولیس اہلکار عامر مسیح کو موٹر سائیکل پر طبی امداد کے لیے اسپتال لائے۔

عامر کو موٹر سائیکل سے اتارا گیا تو وہ نیچے گرگیا، عامر کے گرنے کے باوجود بھی اسے لاتوں سے مارا گیا اور پھر دونوں اہلکار اسے گھسیٹ کر اسپتال کے اندر لے گئے۔

پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو چوری کے الزام میں گزشتہ ہفتے تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے نجی اسپتال میں لایا گیا۔

تازہ ترین