• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، بھارتی اقدام کی مخالفت کا عزم

وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی، بھارت کے یکطرفہ  اقدام کی مخالفت کا عزم کیا


وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ چین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کی مخالفت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی،اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

مذاکرات میں خطے کے امن و استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ 35 دن سے جاری کرفیو سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی میں جاری کرفیو اور دیگر پابندیاں فوری اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان علاقائی استحکام کے لیے چین سے مل کر کام جاری رکھے گا۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بیجنگ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جزو ہے جبکہ سی پیک پاکستانی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

عمران خان نے چین کے ساتھ خطے کے امن واستحکام کےلیے قریبی تعاون جاری رکھنے اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وانگ ژی نے چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان، چین تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی دوستی کا مظہر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی ترقی کے مقاصد کے حصول کی جانب پاکستانی اقدامات قابل تحسین ہیں۔

چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کی مخالفت جاری رکھی جائے گی۔

تازہ ترین