• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے کے بلدیاتی انتخابات، پاکستانی نژاد امیدوار بھی میدان میں

ناروے میں بلدیاتی یا مقامی حکومتوں کے انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کے تمام مراحل آج 9 ستمبر کو مکمل ہورہے ہیں، یعنی 9 ستمبر ووٹ ڈالنے کا آخری دن ہے۔ نارویجن باشندوں کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں سمیت غیرملکی پس منظر رکھنے والے امیدوار بھی بڑی تعداد میں اس میدان میں نبرد آزما ہیں۔

نارویجن پاکستانی امیدوار پچھلے چند ماہ سے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں متحرک رہے ہیں۔ صرف دارالحکومت اوسلو کی سٹی پارلیمنٹ کی 59 نشستوں کے لیے 22 پاکستانی نژاد امیدوار میدان میں ہیں۔ ان امیدواروں کو مختلف نارویجن سیاسی جماعتوں نے نامزد کیا ہے۔

ناروے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے مہم کے تمام مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔ پچھلے چند ماہ کے دوران انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ ووٹنگ بھی جاری رہی اور آج ووٹنگ کے آخری دن کے موقع پر باقی ماندہ لوگ بھی ووٹ ڈال دیں گے۔

دائیں بازو کی مرکزی حکمران جماعت ’ہورے پارٹی‘ نے پاکستانی پس منظر رکھنے والے 4 امیدوار طلعت محمود بٹ، افشاں رفیق، سائیدہ روشنی بیگم اور حسن نواز اوسلو سٹی کونسل کے لیے میدان میں اتارے ہیں۔

اپوزیشن لیبر پارٹی نے 9 پاکستانی نژاد امیدوار ڈاکٹر راجہ مبشر بنارس، عثمان آصف، ندیم بٹ، ناصر احمد، ماریا قریشی، فرخ قریشی، لبنیٰ مہدی، اویس اسلم اور منصور حسین کو نامزد کیا ہے۔

ان کے علاوہ بائیں بازو لبرل ’وینسترے‘ پارٹی نے 3امیدوار ٹینا شگفتہ کورنمو، نواز خان اور سارہ زاہد کو متعارف کرایا ہے۔ ان کے علاوہ بائیں بازو کی ’ایس وے‘ پارٹی کی طرف اسد ناصر اور عطیہ مرزا محمود سامنے آئے ہیں۔

ریڈ پارٹی نے فائلہ نواز، رامین شیخ اور صوفیہ رانا کو کھڑا کیا ہے جبکہ گرین پارٹی نے شعیب سلطان کو نامزد کیا ہے۔ ان امیدواروں میں کچھ جانے پہچانے چہرے ہیں جبکہ بعض پہلی دفعہ میدان میں آئے ہیں۔

لیبر پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر مبشر بنارس پچھلی بار بھی اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہوئے اور اب وہ ایک بار پھر اس انتخابی دنگل میں کودے ہیں۔ اگرچہ لیبر پارٹی نے ڈاکٹر مبشر بنارس کو 49 ویں نمبر پر رکھا ہے لیکن ان جیسے فعال امیدوار ذاتی ووٹ لینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

طلعت بٹ، افشاں رفیق اور ٹینا شگفتہ بھی جانے پہچانے چہرے ہیں جبکہ بہت سے لوگ اس میدان میں نئے ہیں۔ ان نئے چہروں میں حسن نواز بھی ہیں جو نارویجن پاکستانیوں کی تیسری نسل کی نمائندگی کررہے ہیں۔

تیسری نسل کی ایک اور عمدہ مثال اوسلو کے مضافات میں ’لیئر‘ کے علاقے کی مقامی اسمبلی کے لیے پاکستانی نژاد یونیورسٹی کی طالبہ محترمہ علیشاء زمان ہیں جنہیں لیبر پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

اس بار ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی نژاد خاتون سائیدہ روشنی بیگم کو حکمران جماعت ’ہورے پارٹی‘ نے اوسلو کی میئر شپ کے لیے بھی نامزد کیا ہے۔

اوسلو مونسپلٹی یا اوسلو کمیون میں ستر اور اسی کی دہائیوں سے اب تک پاکستانیوں کی نمائندگی ضرور رہی ہے۔ اس سٹی کونسل میں مختلف جماعتوں کی طرف سے نمائندگی کرنے والے پاکستانیوں میں چودھری خالد محمود، شہباز طارق، اختر چودھری، اطہر علی، سید طارق شاہ، شیخ عامر جاوید، مدثرکپور، افشاں رفیق اور نوید خاور قابل ذکر ہیں۔

ان میں سے کچھ مرکزی پارلیمان میں بھی اپنی اپنی پارٹیوں کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اوسلو کے ایک مضافاتی شہر دریمن میں بھی اس وقت پاکستانی نژاد سیاستدان سید یوسف گیلانی ڈپٹی میئر کے عہدے پر فائز ہیں۔

اوسلو سٹی کی موجودہ اسمبلی جس کی مدت اس ماہ ختم ہورہی ہے،جس میں 6پاکستانی نژاد اراکین چودھری خالد محمود، ڈاکٹر راجہ مبشر بنارس، شعیب سلطان، سائیدہ روشنی بیگم، ندیم بٹ اور ناصر احمد اپنی اپنی پارٹیوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

چوہدری خالد محمود جو اس بار انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے، اس سے قبل ناروے کی مرکزی پارلیمان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ بقول ا ن کے، انہوں نے اس دفعہ پارٹی سے معذرت کرلی ہے۔

خالد محمود ایک کہنہ مشق نارویجن پاکستانی سیاستدان سمجھتے جاتے ہیں۔ وہ طویل عرصہ ناروے کی پارلیمانی سیاست سے منسلک رہنے کی وجہ سے اس ملک کی سیاست کا گہرا تجربہ رکھتے ہیں۔

ناروے کے دارالحکومت اوسلو کی شہری اسمبلی یا سٹی پارلیمنٹ ملک کے طول و عرض میں قائم مقامی حکومتوں میں سب سے اہم سمجھی جاتی ہے۔

اپنی مدت پوری کرنے والی موجودہ اسمبلی میں مرکزی اپوزیشن لیبرپارٹی کو 20، حکمران جماعت ہورے کو 19، گرین پارٹی کو 5، پروگریس پارٹی کو 4، وینسترے پارٹی کو 4، ریڈ پارٹی کو 3، ایس وے کو 3 اور کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کو ایک نشست حاصل ہے۔

اوسلو کے موجودہ مقامی حکومت کے سربراہ ریمانڈ جوہانسن کا تعلق لیبر پارٹی سے ہے جبکہ اوسلو شہر کی میئر مریانہ بورگن کا تعلق ایس وے پارٹی سے ہے۔

واضح رہے کہ ناروے میں انتخابات قومی پارلیمان کے ہوں یا مقامی حکومتوں کے ہوں، ووٹنگ کا سلسلہ چند ماہ پہلے ہی شروع ہو جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں اسے اس طرح بیان کیا جاسکتا ہے، جونہی امیدواروں کی فہرست حتمی ہوتی ہے، ووٹنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

5ملین کی آبادی والے چھوٹے سے ملک ناروے میں ہر 4 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں اور ہر 4سال بعد پارلیمان کے انتخابات بھی ہوتے ہیں۔ ان دونوں انتخابات کے لیے ووٹنگ کا اختتام ستمبر کے مہینے میں ہوتا ہے۔

ناروے میں پہلے بلدیاتی انتخابات انیسویں صدی کی دوسرے چوتھائی میں ہوئے تھے، یعنی پاکستان بننے سے ایک سو دس سال پہلے ناروے میں مقامی جمہوری حکومتیں فعال ہوچکی تھیں۔

ناروے کے بلدیاتی انتخابات میں وہ شخص بھی ووٹ ڈال سکتا ہے جس کے پاس نارویجن شہریت نہیں لیکن ضروری ہے کہ وہ 3 سال سے قانونی طور پر رہائش پذیر ہو۔

اس اصول کے تحت 18سال سے زائد عمر والا ہر فرد ووٹ ڈال سکتا ہے۔ لوگ دو طرح سے ڈال سکتے ہیں، یعنی پارٹی کو ووٹ یا کسی امیدوار کو ذاتی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

ملک کے طول و عرض میں بے شمار یونین کونسل، سٹی کونسل اور ڈسٹرکٹ کونسل یا ڈویژن کونسل ہیں۔ جنہیں مقامی زبان میں بی دل، بی ستیرے اور فلکے کہا جاتا ہے۔

ناروے کے دارالحکومت کی مقامی حکومت کو اوسلو سٹی کونسل یا اوسلو سٹی پارلیمنٹ کی عمارت کو ’رود ہاؤس‘ کہتے ہیں۔ اس عمارت کو تعمیر کرنے میں بیس سال لگے تھے۔عمارت کو بنانے میں زیادہ وقت دوسری جنگ کی وجہ سے لگا۔

یہ عمارت اوسلو شہر کے وسط میں مرکزی پارلیمنٹ ’سٹورٹنگ‘ کی عمارت سے تھوڑے سے فاصلے پر واقع ہے۔

تازہ ترین