لندن ( پی اے) کنزیومر میگزن وچ کی جانب سے کئے گئے ایک سروے کی رپورٹ میں مسافروں کی طویل قطاریں، پرہجوم ٹرمینلز اور بہت زیادہ پارکنگ چارجز کی بنیاد پر بیلفاسٹ انٹرنیشنل کو برطانیہ کا بدترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ استعمال کرنے والے مسافروں نے اس ایئرپورٹ کو انتہائی خستہ حال، عملے کی کمی کا شکار اور ناقص لے آئوٹ کا حامل قرار دیتے ہوئے اسے صرف 42 فیصد نمبر دیئے، بیلفاسٹ کا ایئر پورٹ سہولتوں کے اعتبار سے لندن کے لوٹن ایئر پورٹ سے ایک درجہ پیچھے ہے جس کا سکور 43 فیصد اور مانچسٹر کا ٹرمینل 3 کاسکور47 فیصد ہے اس کے برعکس کوزی ڈنکاسٹر شفیلڈ سہولتوں کے اعتبار سے سرفہرست ہے جبکہ برمنگھم اور ہیتھرو کے ٹرمینل 5کا نمبر اس کے بعد آتا ہے۔رواں سال اپریل اور مئی کے دوران وچ کے 4ہزار499 ارکان نے کم وبیش6 ہزار237ہوائی اڈوں کا ان پر دستیاب سہولتوں اور ایئر پورٹ پر آنے والے لوگوں کے اطمینان کے حوالے سے سروے کیا اس سروے کے دوران لوگوں کو ہوائی اڈے کے بارے میں 4تجربات پیش کرنے کی اجازت تھی اور جس ایئر پورٹ کے بارے میں کم وبیش 30ردعمل موصول ہوئے انھیں ہی فہرست میں شامل کیا گیا پھر اس کے نتائج کا 4ہزار499ارکان نے جنھوں نے سروے میں حصہ لیا تھا اس کا تجزیہ کیا ان میں سے 68نے بیلفاسٹ انٹرنیشنل پر توجہ مرکوز کی، ایئر پورٹ نے تسلیم کیا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن دعویٰ کیا ہے کہ اس سروے کے بعد صورتحال بہتر بنائی گئی یہ سروے ایئرپورٹ کی سیکورٹی پر ایک ملین پونڈ خرچ کئے جانے کے بعد کیا گیا تھا۔