• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا معاشی حب کراچی برسوں سے گندگی و غلاظت کے ڈھیروں اور سیوریج کے پانی کے تالابوںکے باعث انتظامیہ کی طویل عرصے سے جاری غفلت و بے حسی کی کہانی سناتا نظر آتا ہے۔ شہر میں جا بجا لگے کچرے کے ڈھیروں سے اُٹھنے والے تعفن سے شہری خطرناک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ مریضوں کی تعداد میں روز افزوں ہونے والے اضافے اور کراچی میں علاج معالجے کی کم سہولتوں کے پیش نظر صحت کے سنگین مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتیں کراچی کا امن بحال کرنے میں تو کامیاب رہیں لیکن یہ شہر آج بھی انتظامی لحاظ سے یتیمی کا شکار ہے۔ بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی ادارے اختیارات کی کھینچا تانی میں مصروف ہیں۔ اب یہ کراچی کی خوش قسمتی سمجھیں یا موجودہ حکومت کی مہربانی کہ وزیراعظم نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے قلیل، وسط اور طویل المدتی لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران شہر قائد کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے۔ شہر قائد کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کی تشکیل خوش کن ہے۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ اِس کمیٹی کو ماضی میں بننے والی کمیٹیوں کی طرح سیاسی مفادات اور اختیارات کی کھینچا تانی کی نذر نہ ہونے دیا جائے۔ اس حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی پھیلانے کی بھی اشد ضرورت ہے، شہر قائد کی حالت تبھی بہتر ہو گی جب عوام اور ادارے مل کر کام کریں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین