• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی وزیر قانون ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کامانٹیرنگ سیل کا دورہ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے،خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضی نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ میں قائم مانٹیرنگ سیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر راجہ بشارت نے حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر طرح سے الرٹ ہیں ۔ راجہ بشارت نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائےگی۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ احسان بھٹہ نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 9محرم الحرام میں 3711مجالس اور 1593 جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ 9محرم الحرام کو صوبے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 32 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 9کے خلاف مقدمات اور 20 کو وارننگ جاری کر دی گئی ہیں ۔ احسان بھٹہ نے بتایا کہ تمام اضلاع کے اہم راستوں کی نگرانی بذریعہ ہیلی کاپٹر کی جاے گی ۔ صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں اے کیٹیگری کی 354، بی کیٹگری کی 2858 جبکہ سی کی 839مجالس منعقد ہوں گی ۔ لاہور میں Aکیٹگری کے 98، B کے 292 اور Cکیٹگری کے 345 جلوس نکالے جائیں گے ۔راجہ بشارت نے کہا کہ صوبہ بھر میں کمشنرز، ڈپٹی کمشرز، آر پی او ،ڈی پی اوز اور ایل ای اے پوری طرح الرٹ ہیں ۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے محکمہ داخلہ سمیت تمام سکیورٹی اداروں کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر اطمنان کا اظہار کیا ۔بعد ازیں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کیپٹن ریٹائرڈ سہیل چوہدری نے محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سی ٹی ڈی کے اہلکار فرائض کو بھر پور طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں ۔احسان بھٹہ نے کہا کہ تمام سکیورٹی نافذ کرنے والے ادارے جدید ٹیکنولوجی کے ذریعے پورے صوبے کو مانیٹر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امرجنسی کی صورت میں محکمہ داخلہ کے 04299210302،04299210301 نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔
تازہ ترین