• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، قصابوں نے گوشت کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کردیا

پشاور (وقائع نگار) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گوشت کے مقرر کردہ قیمت کے برعکس قصابوں نے خود ساختہ اضافہ کردیا ہے۔ عوامی حلقوں نے موثر چیک اینڈ بیلنس کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت مقرر کی گئی ہے تاہم اس کے برعکس قصائی من مانی قیمت وصول کررہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے قصابوں پر جرمانے عائد کرنے کے باوجود گوشت سرکاری نرخ کی بجائے شہری اور مضافاتی علاقوں میں 470 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ قصابوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کئی بار نرخ کے حوالے سے اجلاس ہوچکے ہیں تاہم چھوٹے بڑے جانوروں کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر اخراجات کے سبب پانچ سال قبل مقرر کردہ قیمت پر گوشت فروخت کرنا ناممکن ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دال‘ چاول اور سبزی کی قیمتیں پہلے ہی سے آسمان سے باتیں کررہی ہیں رہی سہی کسر گوشت کی قیمت میں اضافے نے پوری کر دی ہے۔ انتظامیہ قصابوں کو اعتماد میں لیکر گوشت کی فی کلو کا مناسب تعین کرے تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی ہو۔
تازہ ترین