• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آبادکو شاپنگ بیگز سے90فیصد پاک کرانے میں کامیابی

اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے) وزارت موسمیاتی تغیرات وفاقی دارالحکومت کو 90فیصد پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سے پاک کرانے میں کامیاب ہو گئی ہے تاہم آئی الیون کی سبزی و فروٹ منڈی میں ریڑھی بان تاحال شاپنگ بیگز کا استعمال کر رہے ہیں۔ راولپنڈی کے بعض بڑے میڈیکل سٹورز میں بھی شاپنگ بیگز کا استعمال ترک کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 14اگست کو شاپنگ بیگ کے استعمال، تیار اور رکھنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کیلئے وزارت موسمیاتی تغیرات اور پاک ای پی اے نے بھرپور کوششیں شروع کیں، اس دوران انہیں بعض مقامات پر مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم ان تمام واقعات کے باوجود وزارت موسمیاتی تغیرات بہت حد تک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد میں کامیاب ہو گئی ہے بلکہ اس کام میں وفاقی دارالحکومت کے شہریوں اور خود تاجر برادری کا تعاون بھی بہت زیادہ نظر آتا ہے جس کی وجہ سے وزارت موسمیاتی تغیرات پابندی پر کامیابی سے عملدرآمد کراتی نظر آ رہی ہے۔ ادھر پاک ای پی اے کے بعض حکام کا کہنا تھا کہ آئی الیون کی سبزی و فروٹ منڈی میں ریڑھی بان شاپنگ بیگز کا استعمال کر رہے ہیں یا پھر وفاقی دارالحکومت کے بعض دیہی ایریاز میں شاپنگ بیگز کا استعمال جاری ہے‘ جلد ہی اس حوالے سے بھی آپریشن کئے جائیں گے تاکہ شاپنگ بیگز پر پابندی کے قانون پر مکمل طور پر عملدرآمد کرایا جاسکے۔
تازہ ترین