• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنیوا: پاکستان نے بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرلی

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان نے بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرلی، جنیوا میں انسانی حقوق کونسل نے کشمیریوں کے حق میں مشترکہ بیان دے دیا۔

جنیوا میں پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا دن پاکستان اور کشمیریوں کے لیے منفرد دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں مشترکہ بیان دینے میں کامیابی ہوئی ہے، جس میں 58 ملکوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 5 مطالبات کا ذکر کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ بیان میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں سے جینے کا حق نہ چھینے۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیریوں کی آزادی، سیکیورٹی کو متاثر نہ کرے اور مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھائے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت سیاسی قیدی رہا کرے، کشمیر میں بے تحاشہ اور بے جا طاقت کا استعمال اور جبر فوری طور پر ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پانچواں اور آخری مطالبہ یہ کیا گیا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں کے لیے آج بہت بڑی کامیابی کا دن ہے۔

تازہ ترین