• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوکار دلجیت دوسانجھ کی ویزا منسوخی کے لیے بھارت کا خط

امریکا میں ایک پاکستانی شو پروموٹر کی دعوت قبول کرنے پر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کا ویزا منسوخ کرنے کے لیے خط لکھ دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز‘ (FWICE) نے بھارتی وزارت خارجہ کو خط لکھا ہے کہ’بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کا ویزا منسوخ کیا جائے، جنہوں نے 21 ستمبر کو امریکا میں ہونے والے پروگرام کے لیے ایک پاکستانی ریحان صدیقی کی دعوت قبول کی ہے۔‘

بھارتی وزارت خارجہ کو فیڈریشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ امریکا میں پروگراموں کو پروموٹ کرنے والے پاکستانی ریحان صدیقی نے پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو امریکا آنے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی، اس پر دلجیت کا ویزا منسوخ کیا جائے اور انہیں سخت وارننگ دی جائے کہ وہ آئندہ ایسا نہ کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی گلوکار میکا سنگھ کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کے قریبی رشتہ دار کی تقریب میں پرفارم کرچکے ہیں۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں ’غدار‘ تک کہہ دیا گیا تھا۔

میکا سنگھ کے پاکستان میں پرفارم کرنے کے بعد فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (AICWA) اور آل انڈین سائن ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) کی جانب سے میکا سنگھ پر بھارت میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ جو بھی اُن کے ساتھ پروگرام کرے گا اُس پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔

بعدازاں میکا سنگھ نےپابندی عائد کی جانے کے بعد پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے معافی مانگی جس کے بعد اُن پر سے پابندی ہٹائی گئی۔

تازہ ترین