• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کمیٹی کمیٹی کا ڈرامہ بند کرے ، سعید غنی

وفاق کمیٹی کمیٹی کا ڈرامہ بند کرے ، سعید غنی


صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کمیٹی کا ڈارمہ بند کریں اور اعلان کردہ 162ارب روپے کراچی کو دے دیں۔

سعید غنی کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر کی صورت حال پر پھٹ پڑے۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی کوئی افادیت نہیں، اگر کلین کراچی مہم کی اصلیت وزیر اعظم کو پتہ چل جائے تو وہ علی زیدی کو برطرف کر دیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کیا کرے گی اس کا کسی کو کچھ پتا نہیں ہے اور نہ ہی انہیں خود معلوم ہے کہ کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ استعمال ہوتی ہے اس مرتبہ پی ٹی آئی کے ہاتھوں استعمال ہو رہی ہے، ایم کیو ایم نے کبھی بھی عوام کی فلاح کے لیے کوئی کام نہیں کیا، اگر یہ کام نہیں کریں گے تو جہاں آج کھڑے ہیں اس سے بھی پیچھے چلے جائیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے ، اور 2018 میں اسے مینڈیٹ دے کر کامیاب کروایا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر بھی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے فروغ نسیم کی سر براہی میں کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو کمیٹیوں کی نہیں فوری وسائل کی ضرورت ہے، ہر شخص مشورے دیتا ہے فنڈز کوئی نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آئی سی یو میں پڑا ہے کمیٹی بننے سے فوری حل نہیں نکل سکتے، مشورے اور تجاویز بہت دے چکے،کچرا اٹھانا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے، پیسے یا مشینری دیں پھر دیکھیں کچرا کیسے اٹھتا ہے۔

دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی سے متعلق جو کمیٹی بنائی گئی ہے وہ صرف سفارشات مرتب کرے گی اور اٹھارویں ترمیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔

تازہ ترین