• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق، 5 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچے سمیت 5افراد زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود بھینس کالونی موڑ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 36سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ،جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس کے مطابق اسپتال میں متوفی کی شناخت سید نیاز ولد سید منور کے نام سے ہوئی ہے،بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب تیزرفتار مزداٹرک نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو روند ڈالا ،جس کے نتیجے میں 30سالہ صلاح الدین ولد اسلام الدین ،28سالہ امبرین زوجہ صلاح الدین اور 8سالہ حباءدختر صلاح الدین شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ،پولیس کے مطابق زخمی صلاح الدین اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑگیا،متاثرہ فیملی نارتھ کراچی کی رہائشی ہے اور اپنے عزیزوں سے ملنے سرجانی ٹاؤن جارہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا ،پولیس نے مزدا ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے،کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود قیوم آباد سی ایریا پیڈسٹرن بریج کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل (رجسٹریشن نمبرکے ایل ایس8611) پرسوارخاتون اورکمسن بیٹا جاں بحق اور شوہرشدید زخمی ہو گیا جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں زخمی شوہربھی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا،متوفی کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والے قومی شناختی کارڈ سے 38سالہ ادریس ولد حبیب الرحمن کے نام سےہوئی ہےجو کورنگی نمبر 4زمان ٹاؤن کا رہائشی تھا جبکہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی 30 سالہ اس کی بیوی اور3 سالہ کمسن بیٹے کی شناخت نہیں ہوسکی ،پولیس کے مطابق ڈرائیورکو موقع پر موجود مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا کر ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا جسکی شناخت محمد آصف ولد منظرخان کے نام سے ہوئی ہے،سائٹ سپر ہا ئی وے صنعتی ایریا تھانےکی حدود سپرہائی وے چاکرہوٹل کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 30سالہ پیسو ولد گلاب زخمی ہو گیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا،پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود تین ہٹی پھول مارکیٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 70سالہ راہ گیر خاتون شدید زخمی ہو گئی جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی،فوری طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی،جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی گیٹ نمبر 1 کے نزدیک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 30سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی،سائٹ اے تھانے کی حدودسیمنز چورنگی نادرا آفس کے قریب ایکس 10روٹ کی بس کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے ،جنہیں فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں باپ کی شناخت 54 سالہ مجیب الرحمن ولد سلمان اوربیٹے کی شناخت 10 سالہ محمد احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔

تازہ ترین