• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سندھ کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونےدے گی، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت میں سندھ کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ وہ کسی صورت میں سندھ کےوسائل پرقبضہ نہیں ہونے دیں گے، کل وفاقی وزیرقانون نےکراچی پرقبضے کاپلان پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو سندھ سے علیحدہ کرنے کی سوچ ایک خطرناک سازش ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کراچی پر قبضے کا مذاق کیا جارہا ہے ، عمران خان نے ملک میں لوگوں کو سیاسی قیدی بناکر رکھ دیا ہے ، بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ اگر کراچی پر غیر آئینی قبضے کی کوشش کی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ غیر آئینی طریقے سے کراچی کو اسلام آباد سے کنٹرول کیا جائے،وہ اب اس حکومت کو چلنے نہیں دیں گے،اس حکومت کو بے نقاب کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ این ایف سے کے باوجود صوبوں کو وسائل نہیں دیئے گئے، پی پی پی قیادت کو بلاجواز جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان عوام کی خوشی اور غمی میں شرکت کو جاری رکھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو اقتدار میں آکر عوام کو ان کے حقوق فراہم کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زردار ی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دیں۔

حیدر آباد میں بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے موقع پر و زیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نثار احمد کھوڑو، ناصر حسین شاہ، مولابخش چانڈیو، صغیر قریشی، جام خان شورو، عاجز دھامراہ، زاھد بھرگڑی، جاوید نایاب لغاری، علی محمد سہتو، احسان ابڑو، حنا دستگیر، صنم تالپور، ریشم بلوچ سمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔

تازہ ترین