• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباب اقتدار بلاول کی ملک دشمن پریس کانفرنس کا نوٹس لیں، ایم کیوایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ محب وطن سیاسی جماعتیں اور ارباب اقتدار بلاول زرداری کی ملک دشمن پریس کانفرنس کا نوٹس لیں۔

جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار سے باہر ہوتی ہے اسے سندھو دیش کی یاد ستاتی ہے، جب ملک میں انتظامی اور آئینی تبدیلوں کی بات ہو تو پیپلز پارٹی کو ملک کی سالمیت خطرے میں نظر آتی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اپنے پیش روئوں کی طرح سندھ کارڈ استعمال کرتے نظر آرہے ہیں اور عوام کو اشتعال دلا کر اپنا ووٹ بینک لسانی بنیادوں پر مضبوط کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

متحدہ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 149کی ذیلی شق 4  آئین سے ماورا نہیں، اسی آئین کا حصہ ہے جو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں نافذ ہے اور پیپلز پارٹی فخر کے ساتھ اس کی خالق ہونے کا دعو یٰ کرتی ہے۔

صوبائی خودمختاری ملنے کے بعد تمام اختیارات پر صوبہ قابض ہو کر وسائل پر قبضہ کر لے اور عوام کا معیار زندگی غربت کی انتہائی حد تک پہنچنے لگے تو ایسی صورت میں کیا وفاق آنکھیں بند کرلے؟

ترجمان نے واضح کیا کہ جو اختیار آئین نے وفاق کو دیا ہے وہ اسے استعمال کرے گا۔

ترجمان نے استفسار کیا کہ 149(4)کے اطلاق پر اعتراض تو بہت اٹھایا گیا لیکن بلاول زرداری کوئی ایک آئینی شق سامنے لاسکے جو وفاق کو 149(4)کے نفاذ سے روکتی ہو؟ لہٰذا عوام کے مسائل کے حل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے 149(4)نفاذ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔

تازہ ترین