• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی کو پانچ کروڑ دس لاکھ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) واٹربورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانچ کروڑ دس لاکھ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

متعدد علاقوں میں پانی کی قلت ،واٹر بورڈکے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر جمعرات کو دن 12:20بجے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی تمام فیز کی مکمل بجلی بحالی کے بعد کراچی کوپانی کی فراہمی سہ پہر 3:30پر معمول کے مطابق شروع کی گئی۔

بجلی بریک ڈاؤن کے دوران کراچی کو 51ملین پانی فراہم نہیں کیا جاسکا پانی کی اس کمی سے شہر کے تمام علاقے متاثر ہوں گے۔

دریں اثناکے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے دھابیجی ، گھارو اور پیپری سمیت تمام پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

جمعرات کے روز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پرآنے والے مختصر تعطل کو کے الیکٹرک کے عملے نے بلاتاخیر درست کیا۔واٹر بورڈ کی تنصیبات پربلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئےکے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوںکے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور واٹر بورڈ کے عملے کو ہرممکن معاونت فراہم کی جاتی ہے دھابیجی، گھارو اور پیپری سمیت واٹر بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔

تازہ ترین