• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، ڈیبی ابراہم ایم پی

لندن (جنگ نیوز) برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن ایم پی ڈیبی ابراہم کی قیادت میں ممبران پارلیمنٹ اور کمیونٹی رہنماؤں نے برطانیہ کے وزیر خارجہ برائے اقوام متحدہ و ساؤتھ ایشیاء لارڈ طارق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کشمیر میں مسلسل کرفیو،لاک ڈاؤن، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور برطانوی حکومت کے کردار اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم نے کہا کہ ہمارے گروپ کے ممبران پارلیمنٹ نے ان 38دنوں میں یک بعد دیگرے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو متعدد خطوط لکھے، پارلیمنٹ میں سوال اٹھائے کہ برطانیہ کی حکومت کشمیر کی سنگین صورتحال پر قدم اٹھائے اور اپنے مؤقف کا اظہار کرے لیکن وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی جانب سے کوئی قابل ذکر قدم نہ اٹھایا گیا۔ وفد نے وزیر خارجہ پر زور دیا کہ بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ کشمیر سے کرفیو اور لاک ڈاؤن ختم کر کے کشمیریوں کو روز مرہ اور معمول کی زندگی جینے کا حق دیا جائے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں اور برطانوی حکومت کو یہ معاملہ اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت سے اٹھانا چاہئے۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے خارجہ ساؤتھ ایشیاء و اقوام متحدہ نے وفد کو یقین دلایا کہ برطانوی حکومت ممبران پارلیمنٹ کے جذبات اور احساسات پر بھرپور غور کرتے ہوئے کشمیر کے مسئلہ پر بھارت سمیت دیگر فورمز پر کوشش کرے گی۔ بھارت اور پاکستان میں کشیدگی کم ہو اور کشمیر میں حالات معمول پر لانے کے لئے بھارتی حکومت سے معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ برطانوی حکومت ممبران پارلیمنٹ کے خطوط اور احساسات سے مکمل واقف ہے اور اس بابت بھارتی حکومت سے رابطے میں ہے۔

تازہ ترین