• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریت کانفرنس ایل او سی توڑنے کی کال دے، شاہد اقبال

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر ہیومن رائٹس موومنٹ برطانیہ کے چیئرمین پروفیسر شاہد اقبال نے دورہ وٹفورڈ کے موقع پر ’’جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے حریت کانفرنس سرینگر کی مرکزی قیادت یاسین ملک چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، عمر فاروق، سعید گیلانی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کی کنٹرول لائن توڑنے کے لئے متفقہ کال دیں۔ اس مشترکہ کال میں مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر، گلگت، بلتستان کے پچاس لاکھ سے زائد کشمیری عوام شامل ہوں گے۔ پروفیسر شاہد اقبال نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، لارڈ نذیر احمد، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن، اسپیکر اسمبلی آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین، آل پارٹی پارلیمانی کشمیر عبدالرشید ترابی سے مودبانہ اپیل کی کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ایک قیامت برپا ہے۔ قابض دشمن نے غیر قانونی ریاست پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ہمارا سب کچھ چھین لیا ہے۔ لوگوں کو اپنے گھروں میں قید کرکے انہیں کھانے، پینے اور علاج کے لئے باہر نہیں نکلنے دیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو رات کی تاریکی کے دوران گرفتار کرکے بھارت کی مختلف جیلوں میں رکھا جارہا ہے، نہ ہی ان سے ملنے دیا جارہا ہے۔ لوگ محصور و مجبور ہوکر اپنے عزیزوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں۔ مودی کے غنڈے مسلمان خواتین کی عصمتوں سے کھیلتے ہیں۔ ان سنگین ترین حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف تقاریر و جلسوں سے ان بھوکے، پیاسے، زخمی بیماروں کی مدد نہیں ہوگی، بلکہ عملی اقدامات سے ان کی مدد کرسکتے ہیں۔ پروفیسر شاہد اقبال نے کہا، کشمیر کے دونوں اطراف تمام کشمیری جماعتیں اور قوم پرست جماعتیں مقبوضہ کشمیر سے حریت کانفرنس کی طرف سے قومی سطح پر کنٹرول لائن توڑنے کے لئے متحد ہوکر اعلان کریں۔ حریت کانفرنس4اکتوبر تک کنٹرول لائن توڑنے سے قبل اقوام متحدہ سے درخواست کرے کہ وہ کشمیریوں کو پرامن مارچ و کنٹرول لائن توڑنے کے لئے امن آرمی مہیا کرے۔ کنٹرول لائن توڑنا کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پاکستان گورنمنٹ اور سیاسی جماعتیں ہماری مدد کریں۔ پروفیسر شاہد اقبال نے کہا، پاکستان اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کا ممبر ہے، وہ عالمی ریڈ کراس سے فوری رجوع کرکے ان کو مجبور کرے کہ وہ کنٹرول لائن پر یورپین آبزرور کے تعاون سے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کیمپ قائم کرکے وہاں کے مجبور عوام کے لئے کھانے و ادویات و دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے، جیلوں میں نظر بند عزیزوں سے رابطے کرائے جائیں۔
تازہ ترین