• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھائے، کونسلر محمد زمان

راچڈیل (ہارون مرزا) مقبوضہ کشمیر میں انسانیت پر مودی سرکار کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم و ستم، پچھلے ایک ماہ سے کرفیو کی وجہ سے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خلاف پاکیزہ گروپ کی جانب سے ایک اجلاس ہوا جس میں مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پاکیزہ گروپ کی فاونڈر چیئرپرسن رضیہ شمیم نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر غفور نے سر انجام دیئے۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر آف راچڈیل عاصم رشید، کونسلر محمد زمان، سرور چشتی، محمد ناظم، کونسلر فیصل رانا کے علاوہ کشمیری و پاکستانی کمیونٹی،مذہبی شخصیات کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مودی سرکار کی انسانیت سوز کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔اجلاس میں پاکیزہ گروپ کے آٹھ سال مکمل ہونے پر پمفلٹ بھی لانچ کیا گیا۔ کونسلر محمد زمان کی جانب سے پاکیزہ گروپ کی انتھک محنت اور کمیونٹی کی خدمات کو سراہا گیا اور میئر چیریٹی فنڈ سے پاکیزہ گروپ کو چیک بھی دیا گیا- کونسلر محمد زمان کا کہنا تھا کہ 5اگست جب سے بھارت کی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیر میں کرفیو نافذ کیا ہے ان سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیری عوام کی موجودہ حالت زار باعث سخت تشویش ہے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی حکومت اس ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کے مسئلہ کو اٹھائے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ خصوصی ایلچی کشمیر بھیجے تاکہ مستقل امن قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون کی بالادستی، جمہوریت اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے بھارتی حکومت کو بین الاقوامی قوانین کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے۔ کونسلر فیصل رانا کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کی وجہ سے ہندوستان کی حکومت کو باور کروائے کے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی رو سے انکا پیدائشی حق خود ارادیت دیا جائے۔ پاکیزہ گروپ کی چیئرپرسن رضیہ شمیم کا کہنا تھا کہ ہم برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے اندر بھارتی مظالم کو کروائے کرفیو ختم کر کے کشمیریوں کی آواز سنے۔ محمد شاہد کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی آواز بین الاقوامی سطح تک پہنچا رہے ہیں اور ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیر کے اندر ظلم و ستم بند کیا جائے۔ پاکیزہ گروپ کی خواتین کا جوش و جذبہ اس بات کی عکاسی کرتا تھا کہ ہزاروں میل دور رہ کر بھی کشمیری قوم کی آنے والی نسلیں اب آزادی لیکر ہی دم لیں گی ۔
تازہ ترین