• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج دنیا کے ہر دارالحکومت میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے، شاہ محمود

آج دنیا کے ہر دارالحکومت میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج دنیا کے ہر دارالحکومت میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے۔

ملتان کے علاقے منظور آباد میں سیوریج منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم امہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ ہے، 58ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ آج 41روز گزر چکے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، کشمیری محرم میں جلوس نہیں نکال سکے، جمعہ کی نماز نہیں پڑھ سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کے رویے پر تنقید کر رہی ہیں، پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا نے مسئلہ کشمیر موثر انداز میں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے سفیر وزیراعظم عمران خان 27ستمبر کو اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے،ان کا خطاب دنیا دیکھے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نئی نسل حق خودارادیت کے لیے کھڑی ہوچکی ہے، نوجوان ایل او سی کو توڑنا چاہتے ہیں مگر اس کے لیے عمران خان کی کال کا انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیے، اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے ہندوستانی میڈیا پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اسلام آباد مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے، کیا انہیں زیب دیتا ہے کہ 27ستمبر کو جب عمران خان کشمیر کی لڑائی لڑ رہے ہوں گے تو وہ کسی تحریک کا اعلان کریں۔

افغان امن مذاکرات کی منسوخی پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا حل صرف مذاکرات میں ہے، ہم چاہیں گے جلد طالبان اور امریکہ کے مذاکرات بحال ہوں۔

تازہ ترین