• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار جا نہیں رہے، فضل الرحمٰن آ نہیں رہے: رشید احمد

بزدار جا نہیں رہے، فضل الرحمٰن آ نہیں رہے: رشید احمد


وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں مولانا فضل الرحمٰن کو اسلام آباد آتا نہیں دیکھ رہا، وزیرِ اعظم عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ عثمان بزدار نہیں جا رہے، نہیں جا رہے، نہیں جا رہے، وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ قومی حکومت نہیں بن رہی، عثمان بزدار بھی کہیں نہیں جا رہے، وفاقی کابینہ میں اگلے ماہ تبدیلی دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2 ماہ سے کسی نے نہیں سنا ہے کہ نواز شریف کی صحت خراب ہے اور انہوں نے باہر جانا ہے، موسم کے ساتھ سیاست بدل رہی ہے۔

ایک سوال پر وزیرِ ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کو اے سی ضرور ملنا چاہیے اور جو مکیش کے گانے سنتا ہو اسے مکیش کی ٹیپ بھی ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ نہ بھارت سے خفیہ رابطے ہیں، نہ ہی اسرائیل سے تعلقات بحال ہو سکتے ہیں، کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں متحد ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کا معاملہ تاحال وفاقی کابینہ میں نہیں آیا، زرداری کے لوگوں نے پیسہ دینا شروع کر دیا ہے، شہباز بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی 27 ستمبر کو ایک ہی روز جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو چین اور ترکی سمیت دیگر دوست ملکوں کی حمایت حاصل ہے، بھارت نے حملہ کیا تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا۔

وزیرِ ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے مال گاڑیوں سے سالانہ 18 ارب روپے کما رہا ہے، نجی شعبہ 35 یا 36 ارب روپے دینے کو تیار ہو تو سب مال گاڑیاں اُس کے حوالے کر دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن ٹرینوں کی آمدن 40 فیصد سے کم ہے، اُنہیں بند کر دیں گے۔

تازہ ترین