• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک یہ دھرتی ہے سندھ متحد اور ایک رہے گا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے صوبہ سندھ کی تقسیم کا جھوٹا خواب دیکھنے والوں کا دو مہینے قبل ہی سندھ اسمبلی کے فلورپر پردہ اٹھا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دھرتی ہے تب تک صوبہ سندھ متحد اور ایک رہے گا اور جو لوگ سندھ کے ٹوٹنے کا خواب دیکھ رہے ہیں وہ خود نیست و نابود ہو جائیں گے۔

وہ جھانگارا باجارا کے نزدیک نیئنگ شریف کے گدی نشین اور پی پی پی کے رکن سندھ اسمبلی سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال پر ان کے بیٹوں سید صالح محمد شاہ جیلانی اور سید احمد علی شاہ جیلانی سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے باتیں کر رہے تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال سے سندھ اور بلوچستان کی سیاست میں ایک خلاء پید ا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید غلام شاہ جیلانی پانچ مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن رہے اور سندھ اور بلوچستان کے لوگ سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم سید غلام شاہ جیلانی کی قبر پر جاکر فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما رئیس امان اللّٰہ شاہانی، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ریٹائرڈ) فرید الدین مصطفیٰ، ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین