• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کرکٹ لیگ نے فلڈ لائٹس میں فائنلز منعقد کراکے تاریخ رقم کردی

لندن (جنگ نیوز) برطانیہ کرکٹ لیگ نے آئوٹ ڈور فلڈ لائٹس ٹی20 اور ٹی 10 کے فائنلز منعقد کروا کے برطانیہ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ برطانیہ کرکٹ لیگ کے چیئرمین آصف خان اور وائس چیئرمین امجد خان نے کرکٹ کے چاہنے والوں اور کمیونٹی سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا۔ ایسٹ لندن کے علاقہ الفترڈ کے گرائونڈ ویلنٹائنز پارک میں پانچ ستمبر کو یہ فائنلز منعقد ہوئے جسے دیکھنے کیلئے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی بروز بدھ 4 ستمبر کی رات کو پہلے پرنس کلب اور ایلیٹ ڈیوس کلب کے درمیان ٹی 10 کا سیمی فائنل ہوا، ٹاس جیت کر پرنس کلب کے کپتان ابرار میر نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پرنس کلب نے مقرر10 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز کا ایک بڑا ٹوٹل کھڑا کردیا۔ ایلیٹ ڈیوس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں اور پانچ وکٹ کے نقصان پر صرف 98 رنز بنائے جس میں عبدل کے شاندار ناقابل شکست تیس رنز شامل تھے۔ پرنس کلب نے 30 رنز سے فتح حاصل کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ پرنس کلب کے محمد یاسین نے دو جب کہ ابرار میر اور ندیم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد رات نو بجے امن کلب اور برٹش افغان کلب کے درمیان ٹی 20 کا فائنل کھیلا گیا۔ برٹش افغان کے کپتان سمیم شیرازی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے جس میں حمید نے شاندار اڑتالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ امن کلب کے مدثر چوہدری نے تین اور امجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ صفدر تقوی نے وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے پانچ کیچ اور ایک رن آوٹ کیا۔ جواب میں امن کلب کی طرف سے پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کے سابق اوپننگ بیٹسمین شاہ زیب حسن صرف آٹھ رنز اور کپتان عمران خان صفر پر آئوٹ ہوگئے۔ مگر بعد میں میچ کے بہترین کھلاڑی برہان محمود نے ناقابل شکست 73 اور فرسٹ کلاس کھلاڑی صدف مہدی نے 25 رنز بنا کر 7 وکٹوں سے فائنل میں فتح حاصل کرلی۔ پہلے رات کے اختتام پر مہمانان خصوصی صوبائی اسمبلی سرائے عالمگیر کے امیدوار راجہ اسلم اور راجہ سلیم نے ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز امن کلب اور رنرزاپ برٹش افغان کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور برطانیہ کرکٹ لیگ کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ لی اور علی راجہ نے دونوں میچوں کی ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئیے۔5 ستمبرکو فلڈ لائٹس گیمز کی دوسری رات پہلے پرنس کلب اور سی ایس ایس کے درمیان ٹی ٹین کا فائنل کھیلا گیا۔ سی ایس ایس کلب کے کپتان ہمایوں شہزاد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پرنس کلب کے ولید خان نے اپنی تباہ کن اور نپی تلی باؤلنگ سے سی ایس ایس کے پہلے تین بیٹسمین صرف پانچ رنز کے عوض آئوٹ کردئیے۔ شافتاب خالد نے دو، محمد یاسین اور عزیز رحمن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سی ایس ایس کے خرم نے ناقابل شکست 29 رنز بنائے۔ جواب میں پرنس کلب کا آغاز سست رہا مگر بعد میں یونس آفریدی نے ایک طرف سے تابڑ توڑ حملے جاری رکھے اور چھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے صرف 26 بال پر 55 رنز کی جاندار اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان ابرار میر نے ناقابل شکست 27 اور طلحہ ممتاز نے7 رنز بنائے اور فائنل میں 9 وکٹوں سے واضح فتح حاصل کرلی۔ اس کے بعد بی بی فاطمہ اور سی سی ایس کے درمیان ٹی 20 پلیٹس کا فائنل ہوا۔ ٹاس جیت کر کپتان کامران خان نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن شعیب ملک کے بھائی عدیل ملک کے آوٹ ہوتے ہی لائن لگ گئی اور بی بی فاطمہ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 119رنز بنا سکی۔ جواب میں سی ایس ایس کی ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں اور عدیل ملک نے پانچ وکٹیں حاصل کرکے میچ میں انتہائی دلچسپی پیدا کردی۔ لیکن سی ایس ایس کے فرحان الحق نے 30رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم فائنل میں تین وکٹوں سے فتح دلوادی۔ رانا مبشر نذیر پلیٹس فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ شاہد راجہ اور طارق احمد نے دونوں فائنلز کی ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔ چیئرمین آصف خان، وائس چیئرمین امجد خان اور سیکرٹری شیراز زمان نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ آخری دن سلیم یاسین چیئرمین ایلیٹ ڈیوس، افضال کیانی، ندیم اسحاق چیئرمین اور سیکرٹری نوید شریف ایسکس کائونٹی کرکٹ لیگ، ناہید پاٹیل چیئرمین اور ساجد پاٹیل سیکرٹری این سی ایل، راجہ عارف پاپا کرکٹ، چشم سے راجہ عمر، راجہ عثمان، راجہ ثالث، اسرار مغل، تیمور مرزا، نیر مرزا، ناصر مرزا، راجہ شاید بی سی ایل میڈیا مینجر، حمید گل اور دیگر کمیونٹی راہنماؤں نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ ٹرافی اور میڈلز کے علاوہ ان دونوں فائنلز کی چیمپینز کیلئے نقد انعامات بھی دئیے گئے۔
تازہ ترین