• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اعظم فاروق

برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ مڈلینڈ زون کے سیکرٹری اعظم فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ مسئلہ نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مودی کے مطالبے پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ مودی نے صاف انکار کردیا۔ صدر امریکہ اس پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے نریندر مودی کے خلاف ایسے اقدامات کریں کہ مودی مذاکرات کے لیے مجبور ہوسکے، ورنہ اس طرح کے حالات میں بھارت کی بار، بار ہٹ دھرمی کے نتیجے میں مسئلہ پرامن طور پر حل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حالات جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں، بھارت نے تمام پرامن راستے بند کر رکھے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تصادم سے ایٹمی جنگ چھڑ جائے گی اور یہ جنگ پھر کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ اعظم فاروق نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ ان مشکل ترین حالات کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ دنیا کشمیریوں کے ان جذبات اور قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھے اور مسئلہ کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تازہ ترین