• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کے حق میں مظاہرے عوامی مقامات پرکئے جائیں، حنیف راجہ

گلاسکو (طاہر انعام شیخ) تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے صدر محمد حنیف راجہ نے حکومت پاکستان کی اس پالیسی پر تنقید کی ہے جس کے تحت ہر جمعے کے دن کشمیر پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو صرف قونصلیٹ کی عمارت کے اندر تک محدود کر دیا گیا ہے۔ حنیف راجہ نے کہا کہ مظاہروں کا مقصد اپنا احتجاج عوام، حکومتوں یا اداروں تک پہنچانا ہوتا ہے جب کہ قونصلیٹ کے اندر اگر ڈیڑھ سو افراد آدھے گھنٹے کھڑے ہوجائیں اور باہر دنیا میں کسی کو علم نہ ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ مظاہرے ہر ہفتے شہر کے معروف بازاروں اور دیگرمختلف عوامی مقامات پر ہونے چاہئیں جن میں سٹی کونسل کے دفاتر، حکومتی دفاتر، بھارتی قونصلیٹ یا دیگر مراکز شامل ہیں۔ جب یہ مظاہرے عوامی مقامات پر ہوتے ہیں تو نہ صرف ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کودیکھتے ہیں بلکہ لوکل میڈیا بھی ان کی کوریج کرتا ہے۔ حنیف راجہ نے کہا کہ اب مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اجاگر ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر میچل پجلیٹ نے کہا کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پرکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس مل رہی ہیں۔ انہوں نے اسٹریٹ اور سیاسی اجتماعات پر پابندیوں کی بھی مذمت کی ہے اور کہا کہ لوگوں کو ان کی روز مرہ کی بنیادی ضرورت کی اشیا بھی نہیں مل رہی ہیں انہوں نے کشمیر کے کسی بھی حل میں کشمیریوں کی رائے کو شامل کرنے پر زور دیا۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی ثالثی کے متعلق کہا ہے ۔ حنیف راجہ نے کہا کہ دیگر اقوام اور مذاہب کے لوگوں کو یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ بھارت کی انتہا پسند جنونی ہندو حکومت کے ہاتھوں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔
تازہ ترین