• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی نا اہلی سے کے فورمنصوبہ التوا کا شکار ہے،امین الحق

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام اتوار کو واٹر بورڈ کیخلاف ملیر میں ہونے والے مظاہرے سے رابطہ کمیٹی کے رکن و ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث کے فور کا منصوبہ گزشتہ کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے جس کے باعث شہر کراچی کوقلت آب کا سامنا ہے پیپلز پارٹی کی عوام دشمن حکومت وسائل پر قبضہ کئے ہوئے ہے اور مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔امین الحق نے مزید کہا کہ عوام نے یہ فیصلہ کرلیا ہے اب یہ مظاہرے رکیں گے نہیں بلکہ ایک بڑا مظاہرہ وزیر اعلیٰ ہائوس پر بھی کیا جائیگا ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن و ممبر سندھ اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 11سالوں میں کراچی دشمنی کا ثبوت دیا ہے ملیر سمیت کراچی کے عوام بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں گلی گلی میں گٹر ابل رہے ہیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ خود کوئی کام کر رہی ہے اور نہ ہی بلدیاتی اداروں کو اختیار اور وسائل دے رہی ہے۔رابطہ کمیٹی کے رکن حمید الظفر نے کہاکہ ملیر کی 06 یونین کونسل میں واٹر بورڈ کے دفاتر موجود ہیں لیکن عملہ نظر نہیں آتا۔
تازہ ترین