• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر وفلسطین کے مسائل کو اٹھاناعالم اسلام کی ذمہ داری ہے، مفتی نعیم

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے رکن، رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کی سربراہی میں علماء کرام نے کشمیر وفلسطین اور ملکی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کی جس میں مولانا غلام رسول ، مولاناطلحہ رحمانی،مولانا عبدالحمید تونسوی اورمدارس کے نمائندے شامل تھے۔مفتی محمد نعیم نےکہاکہ اتحاد تنظیمات مدارس کے وزارت تعلیم کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر حکومت پاسداری کرتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے، نہ غیر ملکی طلبہ کو ویزے دیئے جارہے ہیں اور نہ ہی مدارس کو بینک میں اکاونٹ کھولنے دیا جارہاہے ، تعلیمی ویزوں کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہورہاہے ،اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو وفاق المدارس کی مجلس عاملہ اجلاس میں مشاورت سے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرنے کے ساتھ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر وفلسطین کے مسائل کو اٹھاناعالم اسلام کی ذمہ داری ہے ،سعودی عرب میں آئل ریفائنری پرحملہ کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں یہ امت مسلمہ کے وسائل پر حملہ کے ساتھ امت مسلمہ کے وسائل تباہ کر نے کی سازش ہے۔علماء کرام نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی ، اقوام متحدہ سمیت دیگر ادارے کشمیر سے کرفیو کے فوری خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں،مدارس میں آنے والے تمام غیر ملکی طلبہ کو اسٹیڈی ویزے بآسانی جاری کیے جائیں ،اہل مدارس سے کیے گئے معاہدوں اور جائز مطالبات کو عملی جامہ پہنایاجائے۔
تازہ ترین