اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) 26 اکتوبر سے پشاور میں ہونیوالے نیشنل گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی اتھلیٹکس ایونٹ پشاور سے منتقل کرنے کی کوشش پر میزبان خیبر پختونخواہ حکومت اس بات کی مخالفت کررہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی او اے ایتھلیٹکس کا ایونٹ اسلام آباد منتقل کروانا چاہتی ہے ، خیبر پختونخواہ گورنمنٹ قیوم اسٹیڈیم میں ہی ایتھلیٹکس کا ایونٹ کرانے کی خواہشمند ہے۔ پی او اے کا کہنا ہے کہ قیوم اسٹیڈیم کا ایتھلیٹکس ٹریک اس قابل نہیں کہ یہاں مقابلے ہو سکیں ، تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹریک ٹھیک ہے اگر کوئی خامیاں ہیں بھی ہیں تو اسے دور کیا جائیگا، کے پی گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز پر 18 کروڑ روپے ہم خرچ کررہے ہیں سارے ایونٹ اپنے صوبہ میں ہی منعقد کرائیں گے۔ صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹکس کا ایونٹ اگر پشاور سے کہیں اور شفٹ ہوا تو نیشنل گیمز اپنی افادیت کھو دینگے۔