پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سید خورشید احمد شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی سیاست کا ایک قابل احترام نام ہیں۔ عمران نیازی ایک سال سے کالے قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان شاہ اویس نورانی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پیپلزپارٹی کو آزادی مارچ میں شرکت کے امکان سے دور رکھنے کی کوشش ہے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری بیان میں پا کستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشیدشاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سید خورشید شاہ پاکستان کی سیاست کا ایک قابل احترام نام ہیں ،وہ ایک پختہ کار، سنجیدہ اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ایک سال سے کالے قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کررہے ہیں،قومی اسمبلی کے اجلاس اور کشمیر کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ان کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے، حکمران سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں۔
سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان و مرکزی ترجمان متحدہ مجلس عمل شاہ اویس نورانی نے سید خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ یہ اقدام پیپلزپارٹی کو آزادی مارچ میں شرکت کے امکان سے دور رکھنے کی کوشش ہے، خورشید شاہ دھیمے مزاج کے باوقار سیاستدان ہیں۔