لاہور(نمائندہ جنگ، صباح نیوز)احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 8 روز کی توسیع کردی۔
احتساب عدالت لاہور کے جج امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کرکے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا۔
دوسری طرف احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی اوراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو2 اکتوبر کودوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔