• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین: انٹرنیشنل امن کانفرنس، مولانا عبدالخبیر آزاد کی شرکت


بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد چیئرمین مجلس علماء پاکستان میڈرڈ میں ہونے والی انٹرنیشنل امن کانفرنس میں شمولیت کے لیے اسپین پہنچے، کانفرنس میں دنیا کے ایک سو ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے امن کانفرنس میں شریک بہت سے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دنیا بھر میں جاری امن کے لیے کوششوں پر بات چیت کی۔

اس موقع پر انہوں نے سینٹرل افریقا کے صدر مسٹر پروفیسر فاؤسٹین آرچینج اور اسپین میں تعینات پاکستانی سفیر خیام اکبر سے بھی ملاقات کی اور انہیں پیغامِ پاکستان کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

امن کانفرنس میں شریک وفد نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے تقریباً دو سو نمائندوں سے ملاقات کی، مولانا عبدالخبیر آزاد نے امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اب ہر ملک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور سعودی عرب میں ہونے والے حالیہ حملے کے بارے میں دنیا کو توجہ دینے پر زور دیا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے مسجد قرطبہ کا دورہ کیا اور وہاں کے اسلامک ڈائریکٹر محمد حنیف سے ملاقات کی۔

اسپین کے نوجوان بزنس مین سرفراز سبحانی نے مولانا کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں سفیر پاکستان خیام اکبر سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہم نے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے ظلم و تشدد اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے حقوق کی پامالی کی طرف امن کانفرنس میں شریک ہونے والے نمائندوں کی توجہ دلائی ہے تاکہ سب مل کر بھارت پر زور دیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔

تازہ ترین