• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ’’گھناؤنی‘‘ صورتحال پیدا کررکھی ہے، نوشینہ مبارک

برسلز (عظیم ڈار) پاکستانی نژاد اسکاٹش ممبر یورپی پارلیمنٹ بار ونیس نوشینہ مبارک نے یورپی پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹس کو کہا کہ ہم یورپی پارلیمنٹ میں معاہدوں میں شامل اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے بارے میں قرارداد کو اس طرح توجہ نہیں دی جاسکی جس طرح اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کی توجہ بھارتی جارحیت کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں جس نے کشمیر کے اندر آرٹیکل370کو منسوخ کرتے ہوئے وادی کے اندر گھناؤنی اور تباہ کن صورتحال پیدا کرتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کیں اور کشمیریوں سے ان کی مذہبی آزادی تک چھین کر انہیں غلامی کی زندگیاں بسر کرنے پر مجبور کردیا جب کہ بھارت بین الاقوامی خلاف ورزی کا مسلسل مرتکب ہورہا ہے تو پھر ہم خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ70سال سے زیادہ عرصہ سے کشمیری عوام حق خودارادیت اور آزادی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں جنہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔ نوشینہ مبارک نے کہا کہ ہم کب تک خاموش رہیں گے اور کب تک کشمیری قربانیاں دیتے رہیں گے۔ آیے ہم اپنی بے حسی کو اور اپنے تجارتی معاہدوں کو ختم کرنے کی خواہش کو ایک طرف رکھتے ہوئے اور اپنے ضمیر کا جائزہ لیتے ہوئے جمہوری اصولوں قیام امن اور استحکام کی خاطر مل کر کوششیں اور کاوشیں کریں جس سے ہندوستان کے مفادات بھی وابستہ ہیں اور یہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔

تازہ ترین